ایس آئی آر میں تقریباً 1 کروڑ 10 لاکھ ووٹروں کی جانچ جاری
تصدیق کے بغیر کوئی نام حتمی طور پر حذف نہیں ہوگا : الیکشن کمیشن
بنگلورو، 6 اگست (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک میں جاری خصوصی انتخابی نظرِ ثانی (ایس آئی آر) کے تحت چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریاست کی ووٹر فہرست میں موجود 5,54,32,314 ووٹروں میں سے 1,10,50,144 (19.93 فیصد) ووٹروں کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر اے ایس ڈی ڈی او زمرے میں نشان زد کیا گیا ہے۔ ان تمام اندراجات کی تصدیق کے بعد ہی آئندہ کارروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نشان زد ووٹروں میں 66,43,426 (11.98 فیصد) ایسے ہیں جو مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل ہو چکے ہیں، 16,32,816 (2.95 فیصد) فوت شدہ ووٹر ہیں، 16,12,634 (2.91 فیصد) ایسے افراد ہیں جو سروے کے دوران دستیاب نہیں ہوئے، جبکہ 6,93,448 (1.25 فیصد) افراد کے نام پہلے ہی کسی دوسری جگہ ووٹر فہرست میں درج پائے گئے۔ اس کے علاوہ 4,67,820 (0.84 فیصد) ووٹروں کو دیگر وجوہات کی بنیاد پر نشان زد کیا گیا ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام نام خودکار طور پر حذف نہیں کیے جا رہے بلکہ متعلقہ ووٹروں کو 8 اگست 2026 تک اپنے بوتھ سطحی افسر یا انتخابی رجسٹریشن افسر سے رابطہ کرکے اپنی معلومات درست کرانے یا اعتراض درج کرانے کا موقع حاصل ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ریاست بھر میں ووٹر تصدیقی فارموں کی 100 فیصد چھپائی اور تقسیم مکمل ہو چکی ہے۔ اب تک 5,54,29,076 ووٹروں کا اندراج ڈیجیٹل نظام میں کیا جا چکا ہے، جبکہ 4,43,78,932 (80.06 فیصد) تصدیقی فارم مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیے جا چکے ہیں۔ صرف 3,238 فارموں کی ڈیجیٹل اندراجی کارروائی باقی ہے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ نئے ووٹروں کے اندراج، نام کی اصلاح، منتقلی یا حذف کے لیے 16 جون سے 5 اگست کے درمیان مجموعی طور پر 12,32,390 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں 3,78,177 نئی ووٹر رجسٹریشن، 31,204 نام حذف کرنے اور 8,19,752 اندراجات میں اصلاح یا تبدیلی سے متعلق درخواستیں شامل ہیں۔کمیشن نے یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے تمام اہل نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فارم نمبر 6 اور مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ آن لائن یا آف لائن رجسٹریشن کروا کر اپنا حقِ رائے دہی یقینی بنائیں۔الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ جن ووٹروں کو غلطی سے اے ایس ڈی ڈی او زمرے میں شامل کیا گیا ہو، وہ 8 اگست تک اپنے بی ایل او یا انتخابی رجسٹریشن افسر سے رابطہ کرکے اپنی تفصیلات درست کرا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو بھی متعلقہ فہرستیں فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ شفاف جانچ ممکن ہو سکے۔
Post a Comment