Educational Kits Distributed at Kolar (K) Govt Urdu School اساتذہ طلبہ کے متبادل والدین: ڈاکٹر محمد گلسین

کولار (کے) کے سرکاری اردو ہائر پرائمری اسکول میں تعلیمی اشیاء تقسیم

اساتذہ طلبہ کی کردار سازی اور ہمہ جہت رہنمائی کریں: ڈاکٹر محمد گلسین

بیدر، 6 اگست (حقیقت ٹائمز)

کولار (کے) کے سرکاری اردو ہائر پرائمری اسکول میں ادبی تنظیم یارانِ ادب کے زیرِ اہتمام طلبہ میں تعلیمی اشیاء کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں انچارج پرنسپل ڈائٹ بیدر ڈاکٹر محمد گلسین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب کا آغاز پنجم جماعت کی طالبہ حبیبہ صدف کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں شجرکاری کی علامت کے طور پر پودے کو پانی دیا گیا۔ طالبات علیشا اور تحریم نے حمد، جبکہ انشراح اور ان کی ساتھی طالبات نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد گلسین نے کہا کہ اساتذہ صرف معلم ہی نہیں بلکہ طلبہ کے لیے متبادل والدین بھی ہیں۔ ان پر لازم ہے کہ وہ بچوں کی کردار سازی، حوصلہ افزائی اور بہتر مستقبل کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ علم اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور اسے طلبہ کے دلوں تک پہنچانا اساتذہ کی مقدس ذمہ داری ہے، جس کا اجر دنیا و آخرت دونوں میں ملے گا۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم ہرگز ترک نہ کریں، جبکہ والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پابندی کے ساتھ اسکول بھیجیں اور اعلیٰ تعلیم کے لیے ضرورت پڑنے پر دور دراز شہروں تک بھی روانہ کرنے سے گریز نہ کریں تاکہ وہ تعلیم حاصل کرکے معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ایجوکیشنل کوآرڈی نیٹر حیدر علی سوداگر نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے لیے حکومت متعدد تعلیمی سہولتیں فراہم کر رہی ہے، جن سے بھرپور فائدہ اٹھا کر طلبہ اپنے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔اس موقع پر ریٹائرڈ مدرس عبدالسلیم اسد نے بھی خطاب کیا، جبکہ معروف شاعر میرؔ بیدری نے کولار (کے) کے طلبہ کے حوالے سے اپنی تازہ نظم پیش کی، جسے طلبہ، اساتذہ اور والدین نے خوب سراہا۔تقریب میں مہمانوں کی شال پوشی اور گل پوشی کی گئی۔ اسکول کی صدر معلمہ سیدہ ماجدہ تبسم کی شاندار خدمات کے اعتراف میں محکمۂ تعلیم کی جانب سے انہیں تہنیت پیش کی گئی، جو ڈاکٹر محمد گلسین کے ہاتھوں انجام دی گئی۔ عبدالسلیم اسد نے اپنی جانب سے تمام طلبہ میں پھول بھی تقسیم کیے۔تقریب کی نظامت محمد عرفان الدین نے دلکش انداز میں انجام دی، جبکہ صدارت سیدہ ماجدہ تبسم نے کی۔ تعلیمی اشیاء کی تقسیم اور اظہارِ تشکر کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر محمد مظفر (انچارج سی آر پی) سمیت اسکول کی معلمات نصرت النساء بیگم اور محترمہ اندرا بھی موجود تھیں۔

0/Post a Comment/Comments