کابینہ میں دوبارہ نمائندگی کے فیصلے کا خیرمقدم
شبیّر احمد نے کانگریس ہائی کمان کے فیصلے کو دور اندیش قرار دیا
سرینواس پور، 3 اگست (حقیقت ٹائمز)
ریاستی کابینہ میں کانگریس کے سینئر رہنما بی۔ زیڈ۔ ضمیر احمد خان کو دوبارہ وزیر بنائے جانے پر وزیر اعظم کے نئے پندرہ نکاتی پروگرام کی ضلعی کمیٹی کے رکن شبیّر احمد نے کانگریس ہائی کمان کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت، دانشمندانہ اور دور اندیش فیصلہ قرار دیا ہے۔پیر کے روز جاری اپنے صحافتی بیان میں شبیّر احمد نے کہا کہ بی۔ زیڈ۔ ضمیر احمد خان کسی ایک طبقے یا برادری کے رہنما نہیں بلکہ تمام طبقات کے عوام میں یکساں مقبول عوامی قائد ہیں۔ انہوں نے کانگریس کے وفادار کارکن کی حیثیت سے ہر ذمہ داری کو دیانت داری اور کامیابی کے ساتھ نبھایا ہے اور ہمیشہ پارٹی کے مفادات کو ترجیح دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ کیرالہ اسمبلی انتخابات کے دوران پارٹی کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری کو ضمیر احمد خان نے مؤثر انداز میں انجام دیا، جبکہ تنظیمی سطح پر بھی پارٹی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جسے کانگریس ہائی کمان نے سراہتے ہوئے ان پر دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا ہے۔شبیّر احمد نے مزید کہا کہ ضمیر احمد خان کا سابقہ وزارتی تجربہ، انتظامی صلاحیت، عوامی خدمت کا جذبہ اور عوام سے مسلسل رابطہ ہی ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہی خوبیوں کے باعث انہیں دوبارہ کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری نے ہمیشہ کانگریس پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ایسے میں ضمیر احمد خان کو دوبارہ وزارت دینا اقلیتوں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے والا اقدام ثابت ہوگا۔ شبیّر احمد نے کانگریس ہائی کمان اور ریاستی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بی۔ زیڈ۔ ضمیر احمد خان بطور وزیر ریاست کی ہمہ جہت ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے مؤثر خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
Post a Comment