چار دہائیوں سے زائد تعلیمی خدمات کا شاندار سفر اختتام پذیر
وجے پور میں معلمہ خورشید بانو سیف الدین کلادگی کی باوقار وظیفہ یابی تقریب
وجے پور، 2 اگست (حقیقت ٹائمز)
گورنمنٹ اردو ہائر پرائمری اسکول، جیناپور، وجے پور دیہی میں شعبۂ تعلیم کی سینئر معلمہ محترمہ خورشید بانو سیف الدین کلادگی کی 41 سال 6 ماہ پر محیط مثالی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ایک پُروقار تہنیتی و وظیفہ یابی تقریب منعقد کی گئی، جس میں تعلیمی، سماجی اور مقامی شخصیات، اساتذہ، طلبہ، اولیائے طلبہ اور اہلِ خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کی صدارت ایس ڈی ایم سی کے صدر لال صاحب بدری نے کی، جبکہ انجمن کمیٹی کے صدر امین بدری، سی آر پی ظہور احمد چودھری، اشفاق احمد بالسنگ اور حسین چترکی نڈونی مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طلبہ نے حمد و نعت پیش کرکے محفل کو روحانی فضا سے معطر کیا۔ اسکول کے صدر مدرس ایم۔ بی۔ مکاندار نے استقبالیہ و تمہیدی کلمات پیش کرتے ہوئے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔سی آر پی ظہور احمد چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ محترمہ خورشید بانو سیف الدین کلادگی نے پوری دیانت داری، اخلاص اور محنت کے ساتھ نسلِ نو کی تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت معلمہ، مخلص رہنما اور طلبہ و اساتذہ کے لیے مشعلِ راہ رہی ہیں، جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اشفاق احمد بالسنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ محترمہ خورشید بانو نے اپنی پوری عملی زندگی تعلیم کے فروغ اور طلبہ کی کردار سازی کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ایک استاد صرف علم ہی نہیں دیتا بلکہ سچائی، دیانت، امانت، صبر، برداشت اور اعلیٰ اخلاق کی بھی تعلیم دیتا ہے، اور محترمہ خورشید بانو نے اپنی عملی زندگی سے ان اقدار کی بہترین مثال قائم کی ہے۔اس موقع پر اسکول کی معاون معلمات یاسمین قاضی، شمیم بانو مکاندار، شاہین نیمبالکر سمیت دیگر معلمات اور اساتذہ، جن میں شبانہ ناز گنیار، شمش النساء، جمبگی، روشن تورگل، رئیسہ گندگی، جانویکر، اشوینی، پی۔ ڈی۔ بغلی، ہنچہال، مبین، مدثر اور ناگور شامل تھے، نے بھی محترمہ خورشید بانو کی تدریسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب میں ایس ڈی ایم سی کے اراکین، گاؤں کی معزز شخصیات، طلبہ، اولیائے طلبہ اور سبکدوش ہونے والی معلمہ کے اہلِ خانہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شال پوشی، گل پیشی اور تہنیتی تحائف کے ذریعے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔
اپنے تاثرات میں محترمہ خورشید بانو سیف الدین کلادگی نے اپنی طویل تدریسی زندگی کی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے محکمۂ تعلیم، اسکول انتظامیہ، ساتھی اساتذہ، طلبہ اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دورانِ خدمت ان سے دانستہ یا نادانستہ کوئی کوتاہی ہوئی ہو تو وہ سب سے معذرت خواہ ہیں اور اپنی آئندہ زندگی کے لیے دعاؤں کی درخواست کرتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر شاہین نیمبالکر نے اظہارِ تشکر پیش کیا، جبکہ حاضرین نے محترمہ خورشید بانو سیف الدین کلادگی کی صحت، خوشحالی اور درازئ عمر کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
Post a Comment