کرناٹک میں ایس آئی آر مہم 17 اگست تک بڑھا دی گئی
الیکشن کمیشن نے 27 اکتوبر کو حتمی ووٹر فہرست شائع کرنے کا اعلان کیا
بنگلورو، 7 اگست (حقیقت ٹائمز)
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کرناٹک میں یکم اکتوبر 2026 کو اہلیتی تاریخ قرار دیتے ہوئے جاری خصوصی جامع نظرِ ثانی (SIR) پروگرام کے شیڈول میں ترمیم کر دی ہے۔ اس سلسلے میں چیف الیکٹورل آفیسر، کرناٹک نے نیا شیڈول جاری کرتے ہوئے عوام کو مطلع کیا ہے کہ ووٹر فہرستوں کی نظرِ ثانی کا عمل اب توسیع شدہ مدت کے مطابق انجام دیا جائے گا۔جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق بوتھ لیول افسران (BLOs) کی گھر گھر جاکر ووٹروں کی جانچ اور تصدیق کا عمل، جو پہلے 8 اگست کو ختم ہونا تھا، اب 17 اگست 2026 تک جاری رہے گا۔
نظرِ ثانی کے نئے شیڈول کے مطابق 17 اگست 2026 کو پولنگ اسٹیشنوں کی ازسرِ نو ترتیب اور معقول تقسیم کا عمل مکمل کیا جائے گا، جبکہ 24 اگست 2026 کو ووٹر فہرست کا مسودہ شائع کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 24 اگست سے 23 ستمبر 2026 تک دعوے اور اعتراضات داخل کیے جا سکیں گے، جبکہ ان کی جانچ اور نمٹارہ 24 اگست سے 22 اکتوبر 2026 تک کیا جائے گا۔نظرِ ثانی شدہ شیڈول کے مطابق حتمی ووٹر فہرست 27 اکتوبر 2026 کو شائع کی جائے گی۔
یہ توسیع ایسے وقت میں کی گئی ہے جب مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور عوامی نمائندوں کی جانب سے SIR کے لیے مزید وقت دینے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر ووٹر فہرست میں اندراج سے محروم نہ رہ جائے۔
ایس آئی آر کا نیا شیڈول
گھر گھر تصدیقی مہم (BLOs): 30 جون تا 17 اگست 2026، پولنگ اسٹیشنوں کی ازسرِ نو ترتیب: 17 اگست 2026 ،مسودۂ ووٹر فہرست کی اشاعت: 24 اگست 2026 ،دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی مدت: 24 اگست تا 23 ستمبر 2026 ،دعووں اور اعتراضات کی سماعت و تصفیہ: 24 اگست تا 22 اکتوبر 2026 ،حتمی ووٹر فہرست کی اشاعت: 27 اکتوبر 2026۔چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے تمام اہل ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی انتخابی معلومات کی تصدیق کریں اور اگر ضرورت ہو تو بروقت دعوے یا اعتراضات داخل کرکے ووٹر فہرست میں اپنے نام کا اندراج یقینی بنائیں۔
Post a Comment