کرناٹک میں ایس آئی آر کے تحت ووٹر فہرستوں کی ڈیجیٹلائزیشن آخری مرحلے میں
تقریباً 20.04 فیصد اندراجات مزید جانچ کے دائرے میں، حتمی فیصلہ تصدیق اور اعتراضات کے بعد ہوگا
بنگلورو، 4 اگست (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے یومیہ پریس نوٹ میں بتایا کہ ریاست میں خصوصی نظرِ ثانی (SIR) کے تحت ووٹر فہرستوں کی ڈیجیٹلائزیشن تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ 5,54,32,314 ووٹروں میں سے 5,53,45,000 ووٹر اندراجات کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کر لی گئی ہے، جو 99.84 فیصد بنتی ہے۔پریس نوٹ کے مطابق 4,42,37,539 ووٹر اندراجات (79.80 فیصد) کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے، جبکہ ایک کروڑ 11 لاکھ 7 ہزار 461 ووٹرز (20.04 فیصد) کو اے ایس ڈی ڈی او (غیر حاضر، منتقل، فوت شدہ، دوہرے اندراج یا دیگر وجوہات) کے زمرے میں نشان زد کیا گیا ہے۔ ان اندراجات کی مزید جانچ کی جائے گی اور صرف قانونی عمل، تصدیق اور اعتراضات کی سماعت کے بعد ہی کسی بھی نام کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔اعداد و شمار کے مطابق 66 لاکھ 60 ہزار 416 ووٹرز (12.02 فیصد) مستقل طور پر منتقل شدہ، 16 لاکھ 30 ہزار 753 (2.94 فیصد) غیر حاضر، 16 لاکھ 28 ہزار 14 (2.94 فیصد) فوت شدہ، 6 لاکھ 86 ہزار 43 (1.24 فیصد) پہلے سے درج اور 5 لاکھ 2 ہزار 235 (0.91 فیصد) دیگر زمروں میں شامل کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی ووٹر کو غلطی سے اے ایس ڈی ڈی او کے زمرے میں شامل کیا گیا ہو تو وہ 8 اگست 2026 تک متعلقہ بی ایل او یا ای آر او سے رجوع کرکے اپنے اندراج کی بحالی (رول بیک) کرا سکتا ہے۔ بی بی ایم پی اور گریٹر بنگلورو علاقوں کے لیے 10 لاکھ فارم 6 بھی شائع کرکے متعلقہ انتخابی رجسٹریشن افسران کو فراہم کیے گئے ہیں تاکہ نئے اہل ووٹرز اپنے نام درج کرا سکیں۔پریس نوٹ کے مطابق 16 جون سے 3 اگست 2026 کے درمیان الیکشن کمیشن کو مجموعی طور پر 12 لاکھ 9 ہزار 885 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں 3 لاکھ 66 ہزار 758 فارم 6 (نیا اندراج)، 3 ہزار 153 فارم 6 اے، 31 ہزار 106 فارم 7 (نام حذف کرنے) اور 8 لاکھ 8 ہزار 868 فارم 8 (درستگی و تبدیلی) شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے تمام اہل شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضروری دستاویزات اور اعلانیہ فارم کے ساتھ فارم 6 جمع کرا کے اپنا نام ووٹر فہرست میں شامل کرائیں۔ضلع وار اعداد و شمار کے مطابق ووٹر اندراجات کی ڈیجیٹلائزیشن میں کئی اضلاع میں 90 فیصد سے زائد پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ بنگلورو شہری علاقوں میں یہ عمل نسبتاً کم رفتار سے جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو اے ایس ڈی ڈی او فہرستیں بھی فراہم کر دی ہیں تاکہ وہ بھی زمینی سطح پر تصدیق میں تعاون کر سکیں۔
Post a Comment