حج ٹرمینل کی ناقص سہولتوں پر شدید تشویش
کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی سے فوری مداخلت کا مطالبہ
بنگلورو، 2 جولائی (حقیقت ٹائمز)
بنگلورو کے سماجی کارکن نعیم عبدل نے کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ایک تفصیلی شکایتی مکتوب روانہ کرتے ہوئے کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈہ کے حج آمد ٹرمینل پر حجاج کرام اور ان کے اہلِ خانہ کو درپیش شدید مشکلات پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنی شکایت میں انہوں نے کہا کہ حج جیسے مقدس سفر سے وطن واپس آنے والے حجاج کرام، خصوصاً معمر افراد، کو ناقص انتظامات کے باعث غیر معمولی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا، جو انتہائی افسوسناک ہے۔
شکایت کے مطابق حجاج کرام کو سامان وصول کرنے سے قبل عارضی شیڈوں میں تقریباً تین گھنٹے تک انتظار کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ متعدد حج پروازیں 6 سے 12 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں، جس سے بزرگ عازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو مزید مشکلات پیش آئیں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ حجاج کے استقبال کے لیے آنے والے افراد کے لیے مناسب پارکنگ کا انتظام موجود نہیں تھا، جبکہ حج آمد ٹرمینل پر سکیورٹی، ہجوم کے نظم و نسق، صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال کے انتظامات بھی غیر تسلی بخش تھے۔شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمینل پر بیٹھنے کی مناسب جگہ، پینے کے صاف پانی، واش رومز اور رہنمائی کے مؤثر انتظامات کا بھی فقدان تھا، جس کی وجہ سے بالخصوص معمر حجاج کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔نعیم عبدل نے اپنے مکتوب میں کہا کہ حج ایک مقدس فریضہ ہے اور حجاج کرام اس بات کے مستحق ہیں کہ وطن واپسی پر ان کا استقبال باوقار اور منظم انداز میں کیا جائے۔ موجودہ انتظامات نہ صرف حجاج کی توقعات کے برعکس ہیں بلکہ کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی اور متعلقہ اداروں کے معیار پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہیں۔انہوں نے کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ ہوائی اڈہ انتظامیہ کے اشتراک سے حج آمد ٹرمینل کے انتظامات کا جامع جائزہ لے اور فوری اصلاحی اقدامات کرے۔ ان اقدامات میں بہتر انتظار گاہیں، سامان کی بروقت فراہمی، مناسب پارکنگ، مؤثر سکیورٹی، صفائی، اور بزرگ حجاج کے لیے خصوصی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔شکایت کنندہ نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری کارروائی کریں گے تاکہ آئندہ برس حج سے واپس آنے والے عازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Post a Comment