کرناٹک میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی — تیز ہواؤں کا انتباہ
ہاسن، کوڈاگو، میسورو اور منڈیا میں 7 اور 8 مئی کو شدید بارش کا امکان
بنگلورو، 6 مئی (حقیقت ٹائمز)
محکمہ موسمیات بنگلورو نے ریاست کرناٹک کے لیے آئندہ چند دنوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق شمالی تلنگانہ کے اوپر بننے والا بالائی فضائی گردشی نظام بدستور قائم ہے، جبکہ خلیجِ منار کے اطراف بھی ایسا ہی ایک نظام سرگرم ہے۔ اس کے علاوہ شمالی اندرونی کرناٹک سے لے کر خلیجِ منار تک ہوائی دباؤ میں عدم تسلسل (ونڈ ڈسکنٹینیوٹی) موجود ہے، جو ریاست میں موسمی سرگرمیوں کو متاثر کر رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق آئندہ 6 سے 10 مئی کے دوران اندرونی کرناٹک کے بعض علاقوں میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ ساحلی کرناٹک میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 7 اور 8 مئی کو جنوبی اندرونی کرناٹک کے بعض مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے، خاص طور پر ہاسن، کوڈاگو، میسورو اور منڈیا اضلاع میں۔تفصیلات کے مطابق بنگلورو سمیت جنوبی کرناٹک کے کئی اضلاع میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ شام یا رات کے اوقات میں ہلکی سے معتدل بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 34 تا 35 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 22 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔ساحلی علاقوں جیسے جنوبی کینرا اور اڈپی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ کچھ مقامات پر موسم خشک رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔یہ اطلاع ڈاکٹر این پویاراسن، سائنسداں ‘ایف’ و سربراہ، محکمہ موسمیات بنگلورو کی جانب سے دی گئی ہے۔
Post a Comment