سرینواس پور میں ژالہ باری و آندھی کی تباہ کاری، آم کی فصل کو شدید نقصان
فوری سروے اور مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے— متاثرہ کسانوں کا مطالبہ
سرینواس پور، 30 اپریل (شبیر احمد)
آموں کی پیداوار کے لیے مشہور سرینواس پور تعلقہ میں بدھ کی شام اچانک آنے والی تیز آندھی اور ژالہ باری نے آم کی فصل کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث کسانوں میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق تعلقہ کے مختلف علاقوں بشمول الاواٹ، ڈوڈمالہ ڈوڈی، آریکنٹے، چکرلاپلی، بنداپلی، تاڈیگول پنچایت کے کئی دیہات اور نیل ونکی ہوبلی کے لکشمی پور میں تیز ہواؤں اور بارش کے سبب درختوں پر موجود بڑی مقدار میں آم زمین پر گر گئے۔ باغات میں ہر طرف تباہی کے مناظر دیکھے جا رہے ہیں۔کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی شدید گرمی کی وجہ سے فصل متاثر ہو رہی تھی اور پھل کی نشوونما کمزور پڑ گئی تھی، ایسے میں اس بے موسم ژالہ باری نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی۔

زمین پر گرے آموں کے باعث کسانوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، جبکہ درختوں پر باقی رہنے والے پھل بھی ژالہ باری کے اثرات سے متاثر ہو کر معیار کھونے کے خدشہ سے دوچار ہیں۔اس سال اچھی پیداوار کی امید لگائے بیٹھے آم کاشتکاروں کے لیے یہ قدرتی آفت ایک بڑا دھچکہ ثابت ہوئی ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اس نقصان کے بعد سرمایہ کی واپسی مشکل ہو گئی ہے اور ان کی روزی روٹی پر سنگین بحران منڈلا رہا ہے۔متاثرہ کسانوں اور تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ زراعت اور باغبانی کے افسران فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے سائنسی بنیادوں پر سروے کریں اور نقصان کا جائزہ لے کر مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے، تاکہ کسانوں کو راحت مل سکے۔
Post a Comment