Bengaluru Storm Causes Widespread Damage, Footpath Trade Banned Across City بنگلورو میں طوفانی بارش سے تباہی، فٹ پاتھ کاروبار پر پابندی کا اعلان

بنگلورو میں طوفانی بارش و ژالہ باری سے شہر بھر میں تباہی کے مناظر

فٹ پاتھ پر کاروبار کی اب کوئی اجازت نہیں— نائب وزیرِ اعلیٰ کا اعلان  

بنگلورو، 30 اپریل (حقیقت ٹائمز) 

ریاستی دارالحکومت بنگلورو میں بدھ کی شام آنے والی تیز آندھی، ژالہ باری اور موسلا دھار بارش نے شہر بھر میں تباہی مچا دی، جس کے نتیجہ میں متعدد حادثات پیش آئے۔ شیوَاجی نگر علاقہ میں واقع بورنگ اسپتال کی کمپاؤنڈ دیوار منہدم ہونے سے ایک بچے سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں سڑک کنارے کاروبار کرنے والے اور خریدار شامل تھے۔اس افسوسناک واقعہ کے بعد ریاست کے نائب وزیرِ اعلیٰ  ڈی کے شیوکمار نے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ فٹ پاتھ پر کسی کو بھی کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ودھان سودھا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور کنٹرول روم میں تمام معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ سڑکوں پر گرے درختوں اور شاخوں کو فوری ہٹانے کے لیے پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیوار منہدم ہونے کے واقعہ میں براہِ راست افسران کی لاپرواہی کا الزام نہیں لگایا جا سکتا، تاہم آئندہ ایسے خطرناک اور خستہ حال ڈھانچوں کی پیشگی نشاندہی کے لیے احکامات دیے گئے ہیں تاکہ اس طرح کے سانحات سے بچا جا سکے۔نائب وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ عوامی سلامتی کے پیش نظر فٹ پاتھوں پر ہر قسم کی تجارت پر پابندی عائد کی جائے گی، خاص طور پر اسپتالوں کے اطراف ایسے کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے بارش سے ہونے والے نقصانات پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جبکہ خود انہوں نے بھی متعلقہ افسران کو ضروری اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ شہر میں جہاں کہیں پانی جمع ہو رہا ہے، وہاں نکاسی آب کو بہتر بنانے اور رکاوٹوں کو دور کرنے کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں خشک اور کمزور درختوں کی نشاندہی کرکے انہیں ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ٹریفک میں رکاوٹ نہ ہو اور مزید حادثات سے بچا جا سکے۔بارش کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ اچھی بارش ہو، کیونکہ بارش میں کمی سے بجلی اور آبی ذخائر پر اثر پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 3 مئی کو وہ تنگا بھدرا باندھ کا دورہ کریں گے تاکہ پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔دریں اثنا، مسٹر ڈی کے شیوکمار کل شہر کا دورہ کریں گے اور بارش سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے زمینی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

0/Post a Comment/Comments