حج 2026 کے لیے قربانی صرف نسک مسار پورٹل کے ذریعے ممکن
عازمینِ حج کو اندراج کے لیے 23 مارچ تک آخری مہلت
ممبئی 16 مارچ (حقیقت ٹائمز)
حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026 کے لیے قربانی (ہدی/اضحیٰ) سے متعلق اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس سال حج کے دوران قربانی کے جانور کی خریداری صرف سعودی عرب کے سرکاری “اداحی پروجیکٹ” کے تحت نسک مسار پورٹل کے ذریعے ہی کی جا سکے گی۔حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے ہدایت دی ہے کہ تمام حجاج کرام اگر قربانی ادا کرنا چاہتے ہیں تو انہیں سرکاری پورٹل کے ذریعے ہی اس کی بکنگ کرنی ہوگی۔ کسی اور ذریعے سے قربانی کی اجازت نہیں ہوگی۔سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ وہ عازمینِ حج جنہوں نے ابھی تک حج کمیٹی آف انڈیا کے پورٹل پر قربانی کے لیے اندراج نہیں کیا ہے، انہیں 23 مارچ 2026 تک آخری موقع دیا گیا ہے۔ عازمین اپنے لاگ اِن آئی ڈی اور ایم-پن کے ذریعے پورٹل میں داخل ہو کر قربانی کے آپشن کا انتخاب کر سکتے ہیں۔حج کمیٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ ریاستی حج انسپکٹرز اگر قربانی کرنا چاہتے ہیں تو وہ بھی اسی طریقۂ کار کے تحت اپنی ذاتی لاگت پر اس سہولت کا انتخاب کر سکتے ہیں۔تمام ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس اطلاع کو زیادہ سے زیادہ عازمین تک پہنچائیں تاکہ حجاج بروقت فیصلہ کر سکیں اور مقررہ ضابطوں کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ویٹنگ لسٹ جاری
حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026 کے لیے انتظار فہرست (ویٹنگ لسٹ) کی پندرہویں فہرست بھی جاری کر دی ہے۔ اس کے مطابق مختلف ریاستوں میں درج ذیل نمبروں تک کے امیدواروں کو عارضی طور پر منتخب کیا گیا ہے ۔دہلی: 1659 تا 1665 ،کرناٹک: 6132 تا 6141 ،کیرالہ: 5434 تا 5442 ، مدھیہ پردیش: 3139 تا 3142 ، تمل ناڈو: 3030 تا 3040 ،تلنگانہ: 4330 تا 4348 ۔جبکہ گجرات اور مہاراشٹر کے لیے اس مرحلے میں کوئی نئی ویٹنگ لسٹ جاری نہیں کی گئی ہے۔حج کمیٹی نے عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ مزید معلومات اور ضروری کارروائی کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا کے سرکاری پورٹل سے رجوع کریں۔
Post a Comment