Haj Payment Deadline Extended, Delay May Affect Pilgrims’ Travel Plans عازمین حج کو راحت، ادائیگی کی مہلت میں توسیع

عازمین حج کے لیے بڑی سہولت، تیسری قسط جمع کرانے کی مہلت میں توسیع

ادائیگی مکمل کریں، ورنہ سفر کی تیاری متاثر ہو سکتی ہے : حج کمیٹی کی ہدایت

ممبئی، 31 مارچ (حقیقت ٹائمز) 

حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026 کے عازمین کے لیے تیسری قسط (بقایا رقم) جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ اب عازمین 6 اپریل 2026 تک اپنی بقایا رقم جمع کرا سکتے ہیں۔یہ اعلان حج کمیٹی کی جانب سے جاری ایک سرکاری سرکلر میں کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ اس سے قبل 23 مارچ 2026 کے سرکلر کے مطابق آخری تاریخ 31 مارچ مقرر تھی۔ تاہم مختلف ریاستی حج کمیٹیوں، تنظیموں اور افراد کی جانب سے موصولہ درخواستوں کے پیش نظر اس میں توسیع کا فیصلہ لیا گیا۔حج کمیٹی نے عازمین کو ہدایت دی ہے کہ ادائیگی سے قبل وہ اپنی قابلِ ادائیگی درست رقم کی تصدیق سرکاری ویب سائٹ یا حج سویدھا ایپ کے ذریعے ضرور کر لیں۔ اس کے علاوہ آن لائن چالان بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ادائیگی کے لیے دو طریقے مقرر کیے گئے ہیں ، جن میں اوّل، آن لائن ادائیگی کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ یا نیٹ بینکنگ کے ذریعے؛ دوم، اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی شاخ میں مخصوص پے اِن سلپ کے ذریعے، جس کے لیے ہر درخواست پر جاری کردہ منفرد بینک ریفرنس نمبر درج کرنا لازمی ہوگا۔حج کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ عازمین کو جلد ہی اپنی فلائٹ بکنگ آن لائن کنفرم کرنی ہوگی، اور مکمل ادائیگی کے بغیر یہ عمل ممکن نہیں ہوگا۔ اس لیے مقررہ تاریخ کے اندر رقم جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے، بصورت دیگر عازمین فلائٹ بکنگ کی تصدیق اور سفر سے محروم ہو سکتے ہیں۔یہ سرکلر چیف ایگزیکٹو آفیسر شہنواز سی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جس میں تمام ریاستی حج کمیٹیوں اور متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

0/Post a Comment/Comments