Shab-e-Barat: Karnataka Imarat-e-Shariah Urges Individual Worship and Discipline شبِ برات: امارتِ شرعیہ کرناٹک کا وقار اور عبادت پر زور

شبِ برات پر امارتِ شرعیہ کرناٹک کی اہم ہدایات

انفرادی عبادت، شرعی حدود کی پابندی اور غیر ضروری سرگرمیوں سے اجتناب کی اپیل

بنگلور، 2 فروری (حقیقت ٹائمز)

امارتِ شرعیہ کرناٹک نے شبِ برات (15 شعبان المعظم 1447ھ، مطابق 3 فروری 2026ء) کے موقع پر تمام مسلمانوں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ اس بابرکت رات کو مکمل سکون، وقار اور شرعی آداب کے ساتھ عبادت میں گزارا جائے۔دارالعلوم سبیل الرشاد، عربک کالج کیمپس، رشاد نگر، بنگلور سے جاری کردہ بیان میں مجلسِ امارت نے کہا ہے کہ شبِ برات ایک عظیم فضیلت والی رات ہے، جس میں اللہ تعالیٰ بے شمار بندوں کی مغفرت فرماتا ہے، جیسا کہ متعدد احادیثِ مبارکہ میں اس کا ذکر ملتا ہے۔ اس لیے تمام اہلِ اسلام کو چاہیے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق اس رات کو نماز، ذکر، تلاوت اور دیگر عبادات میں گزاریں۔بیان میں واضح کیا گیا کہ شبِ برات میں اجتماعی عبادت کے بجائے انفرادی عبادت زیادہ پسندیدہ اور مستحب ہے، لہٰذا مساجد یا اپنے گھروں میں خاموشی اور یکسوئی کے ساتھ عبادات انجام دی جائیں۔امارتِ شرعیہ نے زور دے کر کہا کہ اس مقدس رات میں ہر قسم کے غیر شرعی اور خلافِ شریعت اعمال سے مکمل اجتناب ضروری ہے۔خاص طور پر پٹاخے چھوڑنا، آتش بازی کرنا، بے مقصد محفلیں سجانا، غیبت اور لغویات میں مشغول ہونا سخت ناپسندیدہ اور شریعت کے خلاف ہے۔بیان میں نوجوانوں کو خصوصی طور پر متوجہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ بعض افراد اس رات ہوٹلوں، سڑکوں یا گلی کوچوں میں وقت ضائع کرتے ہیں، جو اس مبارک رات کے مقصد کے خلاف ہے۔ اسی طرح موٹر سائیکلوں یا اسکوٹروں پر ویلنگ کرنا نہ صرف قانونی جرم ہے بلکہ شریعت کی نگاہ میں بھی انتہائی معیوب عمل ہے، جس سے جان کا خطرہ، دوسروں کو اذیت اور اسلام و مسلمانوں کی شبیہ کو نقصان پہنچتا ہے۔امارتِ شرعیہ نے تاکید کی کہ شبِ برات کو گھومنے پھرنے یا فضول مشاغل میں گزارنے کے بجائے یا تو عبادت میں مشغول رہا جائے، یا آرام کر لیا جائے، لیکن ایسے کسی بھی عمل سے سختی سے بچا جائے جو اسلام کی تعلیمات اور مسلمانوں کے وقار کے منافی ہو۔بیان میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اس شبِ برات کو تماممسلمانوں کے لیے باعثِ خیر و سعادت بنائے، ہماری مغفرت فرمائے اور ہمیں نیکی و اطاعت کی توفیق عطا کرے۔ آمین۔ یہ ہدایات حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی،حضرت مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی اورحضرت مولانا مفتی شعیب اللہ خان مفتاحی (ارکانِ مجلسِ امارت، امارتِ شرعیہ کرناٹک)کی جانب سے جاری کی گئی ہیں۔

0/Post a Comment/Comments