Shab-e-Barat: Leaders Warn Against Indiscipline, Urge Peaceful Observance شبِ برات پر امن و ضبط اور عبادت کی تلقین

شبِ برات کو عبادت اور توبہ کی رات بنائیں

غیر ذمہ دارانہ حرکات سے گریز کی پرزور اپیل

بنگلور 30 جنوری (حقیقت ٹائمز)

شبِ برات بروز منگل، 3 فروری 2026ء کو منائی جائے گی۔ اس موقع پر صدر ناگوار وارڈ کانگریس سید سلیم نے تمام برادرانِ اسلام، بالخصوص والدین اور نوجوانوں سے اہم اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شبِ برات عبادت، توبہ، استغفار اور نیکیوں کی رات ہے، جسے غفلت یا غیر مناسب سرگرمیوں میں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شبِ برات اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی مانگنے، نمازوں کا اہتمام کرنے، علماء کرام کے بیانات سننے اور قبرستان جا کر مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کرنے کی رات ہے۔ اس مقدس رات میں بے ہودہ حرکات، غلط کاموں اور غیر ذمہ دارانہ رویوں سے مکمل طور پر پرہیز کیا جانا چاہیے۔سید سلیم نے خاص طور پر نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ موٹر سائیکل وھیلنگ، کرتب بازی، بڑے سائلنسر لگا کر شور شرابہ کرنے اور گاڑیوں میں غیر قانونی طور پر زائد افراد کو بٹھا کر سواری کرنے سے باز رہیں، کیونکہ اس سے نہ صرف عوام کو تکلیف پہنچتی ہے بلکہ مسلمانوں کی اجتماعی بدنامی کا سبب بھی بنتا ہے۔ اسی طرح سر سے بال کھیلنے (ڈیچی)، ہوٹلوں میں غیر ضروری وقت گزارنے اور گلی کوچوں میں گھومنے پھرنے سے بھی بچنے کی اپیل کی گئی۔انہوں نے والدین اور سرپرستوں سے خصوصی گزارش کی کہ وہ شبِ برات کے موقع پر اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں اپنے ساتھ رکھیں، تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

اطلاع کے مطابق شبِ برات کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کا سخت بندوبست رہے گا۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور خود کو اور دوسروں کو مشکلات سے بچائیں۔سید سلیم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال علماء کرام اور بزرگ حضرات نوجوانوں کو نصیحت کرتے آ رہے ہیں، اس کے باوجود بعض نوجوان مقدس راتوں میں عبادت کے بجائے خطرناک سرگرمیوں میں ملوث ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوتا ہے۔

0/Post a Comment/Comments