پولیس اہلکاروں کی ذاتی خوشیوں کا سرکاری اعتراف
ڈی جی و آئی جی پی ڈاکٹر ایم اے سلیم کا جنم دن و شادی کی سالگرہ پر لازمی رخصت کا حکم
بنگلورو29 جنوری (شبیر احمد)
عوامی تحفظ اور قانون نافذ کرنے کی مسلسل خدمات انجام دینے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی ذاتی زندگی کے اہم لمحات کو احترام دینے کے مقصد سے ریاستی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل و انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ایم اے سلیم آئی پی ایس نے ایک سرکلر جاری کیا ہے۔سرکلر کے مطابق اگر کوئی پولیس اہلکار اپنی سالگرہ یا شادی کی سالگرہ کے دن رخصت طلب کرے تو اسے لازمی طور پر منظور کیا جائے گا۔اس فیصلے کا مقصد سخت حالات میں مسلسل فرائض انجام دینے والے پولیس عملے کو جذباتی سکون فراہم کرنا اور خاندان کے ساتھ معیاری وقت گزارنے کا موقع دینا ہے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے فرائض اور ذاتی زندگی کے درمیان توازن قائم ہوگا، حوصلہ افزائی بڑھے گی، ذہنی دباؤ میں کمی آئے گی اور کام میں اطمینان و کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔یہ پولیس اہلکاروں کی قربانی اور خدمات کو تسلیم کرنے کی ایک انسانی پہل ہے، جس کے ذریعے فورس میں وفاداری، نظم و ضبط اور کارکردگی مزید مضبوط ہوگی۔تمام یونٹ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
Post a Comment