Appeal to Wakf Board for Grants to Srinivaspur Mosques سرینواس پور کی مساجد کے لیے وقف بورڈ سے گرانٹ کی مانگ

سرینواس پور کی مساجد کی مرمت و ترقی کے لیے وقف بورڈ سے مالی امداد کی اپیل

سابق نائب صدر عائشہ نایاز کی وقف بورڈ کے سی ای او ڈاکٹر معاذالدین خان سے نمائندگی

سرینواس پور یکم فروری (شبیر احمد)

 سرینواس پور شہر کی مختلف مساجد کی مرمت، دیکھ بھال اور بنیادی سہولیات کی ترقی کے لیے کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ کی جانب سے مالی امداد منظور کرنے کی اپیل سرینواس پور ٹاؤن میونسپل کونسل کی سابق نائب صدر محترمہ عائشہ نایاز نے کی ہے۔یہ نمائندگی کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر معاذالدین خان کو اُس وقت پیش کی گئی جب وہ شہر کی جامع مسجد عیدگاہ میدان میں منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ پروگرام میں شرکت کے لیے سرینواس پور تشریف لائے تھے۔ مذکورہ ٹورنامنٹ میں وقف بورڈ کے تحت چلنے والی جامع مسجد کے مدرسہ کے طلبہ نے بھی حصہ لیا تھا، جن کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقدہ انعامی تقسیم تقریب میں ڈاکٹر مازالدین خان موجود تھے۔اپنی درخواست میں محترمہ عائشہ نایاز نے سرینواس پور شہر کی جامع مسجد، چارمینار مسجد، خان صاحب مسجد، صوفیہ مسجد، نورانی مسجد اور سرینواس پور درگاہ سمیت تمام رجسٹرڈ وقف مساجد کے لیے ضروری گرانٹ منظور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مساجد مسلم سماج کی مذہبی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے اہم مراکز ہیں، اس لیے ان کی بہتر نگہداشت اور ترقی کے لیے فوری مالی تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے وقف بورڈ کی مختلف اسکیموں کے تحت شہر کی دیگر اہل مساجد کو بھی قواعد کے مطابق گرانٹ فراہم کرنے پر غور کرنے کی اپیل کی ہے۔اس موقع پر ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر عبدالقادر، سرینواس پور درگاہ کمیٹی کے صدر محمد چاند پاشا، اقبال پاشا، بابو اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔

0/Post a Comment/Comments