Revised School Timings for Urdu Medium Schools During Ramadan رمضان میں اردو میڈیم اسکول صبح تک محدود

رمضان المبارک میں اردو میڈیم اسکولوں کے اوقات میں عارضی تبدیلی

صبح 8 بجے سے 12:45 تک تدریس، ڈائریکٹوریٹ کا باضابطہ سرکلر

بنگلورو 30 جنوری (شبیر احمد)

ماہِ رمضان المبارک کے پیشِ نظر ریاستِ کرناٹک کے اردو میڈیم سرکاری، امدادی اور غیر امدادی جونیئر پرائمری، سینئر پرائمری اور ہائی اسکولوں کے اوقاتِ کار میں عارضی تبدیلی کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں اردو اور دیگر اقلیتی زبانوں کے اسکولوں کے ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے باضابطہ سرکلر جاری کیا گیا ہے۔جاری کردہ سرکلر کے مطابق تعلیمی سال 2025–26 میں رمضان المبارک کے آغاز سے لے کر 20 مارچ 2026 تک اسکولوں کا تدریسی وقت صبح 8.00 بجے سے دوپہر 12.45 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ڈائریکٹوریٹ نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ متعلقہ سرکاری مراسلوں اور کرناٹک اسٹیٹ پرائمری اسکول ٹیچرس اسوسی ایشن کی درخواست پر غور کے بعد کیا گیا ہے۔سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ اسکول کے اوقات کو سات پیریڈز میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ صبح 10.00 بجے سے 10.15 بجے تک وقفہ دیا جائے گا۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس عارضی تبدیلی کے باعث تدریسی اوقات میں جو کمی واقع ہوگی، اس کی تلافی دیگر تعطیلات کے دن اسکول چلا کر کی جائے گی۔

اسی دوران دیگر امدادی و غیر امدادی تعلیمی اداروں میں بھی رمضان المبارک میں روزہ رکھنے والے مسلم طلبہ اور عملے کو سہولت فراہم کرتے ہوئے یہ اجازت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ شام کے وقت آدھا گھنٹہ پہلے اسکول سے رخصت ہو سکتے ہیں۔ تاہم، یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی سال 2025–26 کے دوران منعقد ہونے والے پرائمری اور ہائی اسکول کے امتحانات پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔ڈائریکٹوریٹ نے مزید وضاحت کی ہے کہ ایس ایس ایل سی امتحانی مراکز میں ڈیوٹی انجام دینے والے اردو میڈیم اساتذہ پر یہ حکم نافذ نہیں ہوگا۔ سرکلر کو کمشنر برائے تعلیمات کی منظوری حاصل ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

0/Post a Comment/Comments