Deputy Commissioner Urges Measures to Prevent Blood Shortage in Kolar کولار میں خون کی کمی سے بچاؤ کے لیے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت

,

ضلع میں خون کی کمی نہ ہونے دینے کے لیے اقدامات لازمی

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایم آر روی کی ہدایت، بلڈ بینک سرگرمیوں پر زور

کولار 3 فروری (شبیر احمد) 

ضلع میں مریضوں کو خون کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کے لیے محکمہ صحت کو چاہیے کہ وہ وقتاً فوقتاً خون کا عطیہ کیمپ منعقد کر کے خون کا مناسب ذخیرہ یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایم آر روی نے کیا۔وہ آج ضلع کلکٹریٹ میں منعقدہ ضلع ایڈز کنٹرول و انسداد کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے، جس میں بلڈ بینک، ایڈز کنٹرول، خواجہ سرا (جینڈر اقلیتی) طبقہ کی صحت اور منشیات کنٹرول جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں افسران نے بتایا کہ ضلع میں اس وقت پانچ بلڈ بینک کام کر رہے ہیں۔ اپریل 2025 سے دسمبر 2025 تک 8,811 یونٹ خون جمع کیا گیا، تاہم اس کے باوجود بعض اوقات خون کی قلت پیدا ہو رہی ہے۔ اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مالی سال 2024-25 میں 12,159 یونٹ خون جمع کر کے 90 فیصد ہدف حاصل کیا گیا تھا، جبکہ موجودہ مالی سال 2025-26 میں دسمبر تک صرف 8,811 یونٹ خون جمع ہو سکا ہے جو کہ محض 65 فیصد کارکردگی ہے۔ انہوں نے افسران کو مزید سرگرم ہو کر خون جمع کرنے کی ہدایت دی۔ایچ آئی وی/ایڈز جانچ کے بارے میں افسران نے بتایا کہ اپریل 2025 سے دسمبر 2025 تک 98,746 افراد کی جانچ کی گئی، جس سے 104 فیصد ہدف حاصل ہوا ہے۔ ضلع میں اس وقت ایچ آئی وی کے 262 فعال کیسز درج ہیں اور پازیٹو شرح 0.27 فیصد ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایچ آئی وی متاثرین، جنسی کارکن خواتین اور جینڈر اقلیتی طبقہ کے لیے حکومت کی جانب سے کئی فلاحی اسکیمیں موجود ہیں، جن سے متعلقہ افراد کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی جنسی کارکن خواتین کو سماج کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کی کوششیں تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ایم آر روی نے کہا کہ طلبہ، نوجوانوں اور دیگر طبقات میں نشہ آور اشیاء کی لت خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے، جسے روکنے کے لیے معلوماتی، تعلیمی اور آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں۔افسران نے بتایا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 1,378 افراد منشیات کے عادی ہیں، جن میں سے 926 کیسز صرف کولار تعلقہ میں درج ہوئے ہیں۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نشہ سے پاک معاشرہ کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، خاص طور پر نوجوانوں کو ایسی لتوں سے دور رکھنا نہایت ضروری ہے۔اس اجلاس میں محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے افسر ڈاکٹر شری نواس، ڈاکٹر شریف سمیت دیگر ضلعی سطح کے افسران موجود تھے۔

0/Post a Comment/Comments