ٹمکورو میں جشنِ اردو کے تحت یومِ تعلیم اور کل ہند مشاعرے کا اہتمام
دانہ پیالیس میں 11 نومبر کو علمی و ادبی تقریبات، یو ٹی قادر، بلقیس بانو اور ملک کے ممتاز شعراء کی شرکت متوقع
ٹمکورو، 10 نومبر (حقیقت ٹائمز)
تحریکِ اردو ادب ٹمکورو, انجمن ترقی اردو ہند، ٹمکورو شاخ، اور کرناٹک اردو اکیڈمی کے اشتراک سے 11 نومبر بروز چہارشنبہ دانہ پیالیس، ٹمکورو میں جشنِ اردو کے تحت دو اہم پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان تقریبات کا آغاز دوپہر تین بجے قومی یومِ تعلیم کے پروگرام سے ہوگا، جبکہ رات میں کل ہند مشاعرے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ قومی یومِ تعلیم کے موقع پر سہ پہر 3 بجے منعقد ہونے والی تقریب میں وزیر برائے صحت، اقلیتی بہبود، اوقاف و حج یو ٹی قادر، رکنِ قانون ساز کونسل بلقیس بانو، کنڑا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے صدر ڈاکٹر پرشوتم بلیمالے اور کرناٹک اردو اکیڈمی کے چیئرمین مفتی محمد علی قاضی مہمانانِ خصوصی ہوں گے۔ جبکہ مہمانانِ اعزازی میں سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر رفیق احمد ایس، انجمن ترقی اردو ہند کرناٹک کے صدر محمد عبیداللہ شریف، نائب صدر سید اشرف، ٹمکورو ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے سابق صدر چیئرمین اقبال احمد، کرناٹک اردو اکیڈمی کے سابق چیئرمین مبین منور، گلوبل انسٹی ٹیوشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر افضل شریف، سابق صدر ضلع وقف مشاورتی کمیٹی سمیع اللہ خان اور علی پی یو کالج کے سکریٹری اسلم پاشاہ شامل ہیں۔اس کے علاوہ حمزہ حسین، ایس پی کے ایس آر پی ٹمکورو، ڈاکٹر اصغر بیگ، ڈسٹرکٹ سرجن، سرکاری جنرل اسپتال ٹمکورو، نظام الدین آصف ، آر ٹی او، ہانی حسین کے اے، محمد جعفر، کونسلر و صدر جامع مسجد سرا ، سید ارشاد احمد، صدر دانش گروپ، منیر احمد (امریکہ)، خالد سہیل ایڈوکیٹ، ایاز احمد، ایس کے ڈیولپرس، امین احمد چندور، عرفان احمد، یوسف صاحب، عبیداللہ شریف، یحییٰ خان، صدر رفاہ ٹمکورو چیپٹر، ضمیر الدین شریف، گروپ لیڈر ایچ آر ایس ٹمکورو، عنایت اللہ، یونٹ صدر سالیڈیریٹی یوتھ موومنٹ اور خلیل اللہ خان، یونٹ صدر ایس آئی او سمیت دیگر معززین کی شرکت متوقع ہے۔

اردو زبان و ادب کے فروغ کی مشترکہ کوشش
ان پروگراموں کا اہتمام انجمن ترقی اردو ہند، ٹمکورو شاخ، اور تحریکِ اردو ادب کے صدر تاج الدین شریف, عبدالحلیم منصور اور افضل خان کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے تعلیم کی اہمیت، علمی بیداری اور معاشرے میں تعلیمی شعور کے فروغ کو اجاگر کیا جائے گا۔جس میں اردو زبان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی طلبہ کے علاوہ اردو مدارس کے وظیفہ یاب اساتذہ کے ساتھ زبان و ادب کی خدمات کرنے والے ضلع کے احباب کو تہنیت پیش کی جائے گی ۔
رات 9 بجے کل ہند مشاعرہ
جشنِ اردو کی دوسری اہم کڑی کے طور پر رات 9 بجے کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز شعرائے کرام اپنا کلام پیش کریں گے۔ عالمی شہرت یافتہ شاعر ابرار کاشف امراوتی مشاعرے میں خصوصی شرکت کریں گے۔ تقریب کی صدارت کرناٹک اردو اکیڈمی کے چیئرمین مفتی محمد علی قاضی کریں گے، جبکہ اردو اکیڈمی کے سابق چیئرمین مبین منور بھی شریک ہوں گے۔ مشاعرے کی نظامت معروف ناظمِ مشاعرہ شفیق عابدی علی پوری انجام دیں گے۔

مشاعرے میں ناطق علی پوری، انور خان انور باسن، نعیم راشد برہانپوری، راحت حرارت وانمباڑی، تنویر احمد عظیم کنیگل، سلیم دریائی پوری، عمران رشید مالیگاؤں، عمران فیض ناگپوری، افضل دانش برہانپوری، کے علاوہ مقامی شعراء مفتی سید سلیم اللہ قاسم رشادی، عظمت اللہ بیگ عظمت، ثمینہ تاج ثمینہ اور شعیب تمنا سمیت دیگر شعراء شرکت کریں گے۔منتظمین کے مطابق جشنِ اردو کا مقصد اردو زبان و ادب کی ترویج، نئی نسل میں ادبی ذوق کی آبیاری، تعلیمی شعور کو فروغ دینا اور شعراء و ادباء کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ صدر اور اراکین تحریکِ اردو ادب و انجمن ترقی اردو ہند، ٹمکورو شاخ نے اہلِ اردو، ادبی شخصیات، طلبہ اور شعر و سخن سے دلچسپی رکھنے والے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ سہ پہر 3 بجے قومی یومِ تعلیم کی تقریب اور رات 9 بجے کل ہند مشاعرے میں شرکت کرکے پروگراموں کو کامیاب بنائیں۔
Post a Comment