Adab-e-Islami Hind Holds Special Iqbal Memorial Session اقبال کی شاعری قرآنی تعلیمات کی ترجمان: ڈاکٹر عمری

اردو سے دوری اپنی تہذیب سے دوری کے مترادف: سید احتشام الدین

ادارۂ ادبِ اسلامی ہند کی اقبال نشست، غیر مستند اشعار کی نسبت اقبال سے جوڑنے پر تشویش

بنگلورو، 16 نومبر (حقیقت ٹائمز)

 ادارۂ ادبِ اسلامی ہند، بنگلور کے زیرِ اہتمام جماعتِ اسلامی ہند، آر ٹی نگر کے اشتراک سے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی یاد میں ایک خصوصی ادبی و فکری نشست مسجد سعد بن ابی وقاص، بنگلور میں منعقد ہوئی۔ نشست کی صدارت امیرِ مقامی جماعتِ اسلامی ہند، آر ٹی نگر، سید احتشام الدین نے کی، جبکہ علمی و ادبی شخصیات نے علامہ اقبال کی شاعری، ان کی قرآنی فکر اور نوجوان نسل کے لیے ان کے پیغام پر اظہارِ خیال کیا۔ صدارتی خطاب میں سید احتشام الدین نے اردو زبان سے نئی نسل کی بڑھتی ہوئی دوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو سے دوری دراصل اپنی تہذیب و ثقافت سے دوری کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے اشعار کو مشکل سمجھنے اور ان کی فکر و فلسفے کو سمجھنے کی کوشش نہ کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر غیر مستند اشعار کو علامہ اقبال سے منسوب کرکے عام کرنا بھی ایک غلط روش ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اقبال کے حقیقی کلام کو درست نسبت کے ساتھ پیش کیا جائے اور ان کے افکار و نظریات کو سمجھنے کی سنجیدہ کوشش کی جائے۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد منظور نعمان، پرنسپل ایل بی ایس کالج، بنگلور نے ’’اقبال کا پیغام نوجوانوں کے نام‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال ایک انقلابی شاعر تھے جنہوں نے نوجوان نسل کو بلند فکری، خودداری اور عملی جدوجہد کا درس دیا۔ اقبال کا تصورِ نوجوان محض آسائشوں میں زندگی گزارنے والے فرد کا نہیں، بلکہ شاہین صفت، بلند حوصلہ، خوددار اور مقصد کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کرنے والے نوجوان کا ہے۔

ڈاکٹر آر۔ محمد عمری نے ’’اقبال اور قرآن مجید‘‘ کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کو ترجمے کے ساتھ پڑھنے کے بعد اقبال کے کلام کا مطالعہ کیا جائے تو ان کی شاعری میں جابجا قرآنی تعلیمات کی ترجمانی نظر آتی ہے۔ علامہ اقبال محض شاعرِ مشرق نہیں، بلکہ ان کی شاعری قرآنی فکر اور اسلامی تعلیمات کی گہری عکاس بھی ہے۔اجلاس کا آغاز مولانا عبداللہ نادر عمری کے درسِ قرآن سے ہوا۔ انہوں نے سورۂ شعراء کی منتخب آیات کی روشنی میں بامقصد اور بے مقصد شاعری کے فرق پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو شعرا ادب برائے زندگی اور مقصدیت کے تصور کے تحت اپنی فکر و شاعری کے ذریعے معاشرے میں مثبت شعور بیدار کرتے ہیں، ان کی ادبی خدمات قابلِ قدر ہیں اور یہ ایک بامقصد دینی و سماجی خدمت کا درجہ رکھتی ہیں۔افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد ثناء اللہ شریف نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے ہندوستانی مسلمانوں کے ذہن و فکر میں جمود کو توڑنے اور ان کے اندر نئی زندگی، حرکت، حرارت اور خود اعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کی۔ ان کی شاعری نے مسلمانوں کو اپنی شناخت، خودی اور ملی تشخص کا احساس دلایا۔نشست کے دوران میر تاج الدین کی مرتب کردہ کتاب ’’تلاشِ اقبال‘‘ کی رسمِ اجرا بھی عمل میں آئی۔ اس کتاب کی اشاعت عزم اکادمی، بنگلور نے کی ہے۔ کتاب کی پیشکش کو علامہ اقبال کے افکار و کلام سے استفادے کی ایک اہم ادبی کاوش قرار دیا گیا۔پروگرام کے آخری مرحلے میں شعری نشست منعقد ہوئی، جس میں منیر احمد جامی، ندیم فاروقی، شیخ حبیب اور جمیل احمد ملنسار نے اپنا کلام پیش کیا۔ ان کی شاعری کو سامعین نے خوب سراہا۔ نشست کی نظامت ڈاکٹر محمد ثناء اللہ شریف نے انجام دی۔اس ادبی و فکری نشست میں اہلِ علم و ادب، طلبہ اور مختلف ادبی و سماجی حلقوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

0/Post a Comment/Comments