قطب شہنشاہ نگر کے سرکاری اردو اسکول میں جشنِ یومِ اردو و یومِ اطفال کا انعقاد
ادبی و ثقافتی مقابلوں میں نمایاں طلبہ کو انعامات، مادری زبان سے وابستگی پر زور
کولار، 14 نومبر (حقیقت ٹائمز)
گورنمنٹ اردو انگلش ہائر پرائمری اسکول، قطب شہنشاہ نگر، کولار میں جشنِ یومِ اردو اور جشنِ یومِ اطفال جوش و خروش اور روایتی انداز کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے ادبی، ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔تقریب میں اسکول کی ہیڈ مسٹریس محترمہ عطیہ خانم، معلمات محترمہ ریشما طلعت شبنم، محترمہ مبین تاج، محترمہ عمدہ بانو، محترمہ منجولا جی این، ایس ڈی ایم سی کی صدر محترمہ سلمہ اور دیگر اراکین شریک رہے۔پروگرام کا آغاز طلبہ و طالبات کی جانب سے تلاوتِ کلامِ پاک، حمد اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض معلمہ محترمہ عمدہ بانو نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔اس موقع پر ہیڈ مسٹریس محترمہ عطیہ خانم نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ و طالبات کو محنت، لگن اور پابندی کے ساتھ حصولِ علم پر توجہ دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی کامیابی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔معلمہ محترمہ ریشما طلعت شبنم نے اپنے خطاب میں مادری زبان کی اہمیت، اردو زبان کی شیرینی اور وقت کی قدر و قیمت پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ لسانی اور غیر لسانی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں اور مختلف مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور نمایاں کامیابیاں حاصل کریں۔جشنِ یومِ اردو اور یومِ اطفال کے موقع پر اسکول کی سطح پر منعقدہ مختلف ادبی و ثقافتی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، جس سے تقریب کی خوشیوں میں مزید اضافہ ہوا۔ معلمہ محترمہ مبین تاج نے کلماتِ تشکر ادا کیے، جس کے ساتھ یہ خوبصورت اور یادگار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔یہ پروگرام طلبہ میں تعلیمی ذوق، ادبی شعور، تخلیقی صلاحیتوں اور مادری زبان اردو سے محبت و وابستگی کو فروغ دینے کی ایک قابلِ ستائش کوشش ثابت ہوا۔
Post a Comment