DK Shivakumar Backs Urdu Promotion; Arif Mateen Among Awardees عارف متین سمیت 20 شخصیات کو اردو اکیڈمی ایوارڈز

اردو اکیڈمی کو اضافی فنڈ، اقلیتی مذاہب کے مسائل پر آئندہ ہفتے خصوصی اجلاس: ڈی کے شیوکمار

جشنِ اردو میں عارف متین سمیت 20 ممتاز شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا

بنگلورو، 9 نومبر (حقیقت ٹائمز)

 وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے کرناٹک اردو اکیڈمی کو مزید مالی تعاون فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ اکیڈمی کی سرگرمیوں اور ضروریات کا جائزہ لے کر اس کے لیے اضافی فنڈ مختص کرنے کے سلسلے میں متعلقہ وزراء سے بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ مسلم، عیسائی، جین اور بدھ سمیت مختلف اقلیتی مذاہب سے وابستہ نمائندوں اور ارکان اسمبلی کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے آئندہ ہفتے ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔وہ آج پٹنّا چیٹی ٹاؤن ہال میں کرناٹک اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ ایوارڈز کی تقسیم، کتابوں کی رسمِ اجرا اور جشنِ اردو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف شعبوں میں اردو زبان، ادب، تعلیم، صحافت اور ثقافت کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا۔

ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ حکومت مختلف اقلیتی مذاہب سے تعلق رکھنے والے قائدین اور ارکان اسمبلی کے ساتھ مشاورت کرے گی، تاکہ ان کے مسائل اور ضروریات کو براہِ راست سمجھ کر مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور میں کیے گئے وعدے اور اس میں ہونے والی پیشرفت کے علاوہ اقلیتی طبقہ میں پائی جانے والی بے چینیوں کو سمجھ کر انہیں حل کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔ اسی طرح درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کے خیالات اور مسائل بھی سنے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابی منشور میں عوام سے کیے گئے وعدوں اور مختلف مواقع پر برادریوں کو دی گئی یقین دہانیوں کو پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت کا مقصد کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچائے بغیر، تمام طبقات کے احساسات کا احترام کرتے ہوئے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض گروپوں کو اقلیتی طبقات کے بارے میں اعتماد نہ ہو، لیکن اس بنیاد پر اقلیتی بہبود کے محکمے یا اس کی سرگرمیوں کو بند نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ اور ان کی آواز بننے کے لیے پابند عہد ہے۔ کسی بھی طبقے کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور ہر شہری کو اس کے جائز حقوق حاصل ہوں، یہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے آئین کی بالادستی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت آئین کے دائرے میں رہ کر ہی کام کرے گی۔ راہل گاندھی سمیت تمام عوامی نمائندوں نے آئین کو ہاتھ میں لے کر حلف اٹھایا ہے۔ آئین کا تحفظ اور اس کی روح کے مطابق تمام مذاہب، ذاتوں اور طبقات کو یکساں احترام اور تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اردو کسی ایک طبقے کی زبان نہیں، دلوں کی زبان ہے

اردو زبان کی اہمیت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ اردو کو کسی ایک مذہب یا برادری تک محدود کرکے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ یہ دلوں کی زبان ہے، جس میں ادب، شاعری اور شاعرانہ اظہار کے ذریعے انسانی جذبات کو چھونے اور لوگوں کے درمیان قربت پیدا کرنے کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے۔ اردو کی کوئی سرحد نہیں، یہ عالمی سطح پر اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے اور اس کی زبان، تہذیب اور ادبی ورثے کا ہر ایک کو احترام کرنا چاہیے۔انہوں نے میسور دسہرہ کے دوران منعقدہ اردو مشاعرے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس پروگرام میں تقریباً ایک گھنٹے تک بیٹھ کر شاعری سے محظوظ ہوئے تھے۔ اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ جین، برہمن، کنڑی، ہندی بولنے والے اور مختلف مذاہب و زبانوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک تھے اور سبھی نے اردو شاعری کو بڑی دلچسپی سے سنا۔ یہ اس بات کی بہترین مثال ہے کہ زبانیں لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور مختلف طبقات کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ علم جس زبان میں بھی حاصل ہو، اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انگریزی سمیت کسی بھی زبان کو کم تر یا حقیر سمجھنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ زبان بنیادی طور پر اظہار اور رابطے کا ذریعہ ہے۔ ہر شخص کو اپنی مادری زبان سے محبت اور اس کا احترام کرنا چاہیے۔ ماں اور مادری زبان کی اہمیت کو سمجھنا ضروری ہے۔

قینچی نہیں، سوئی کا کام کریں

سماجی ہم آہنگی اور اتحاد کا پیغام دیتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ہماری زبانیں مختلف ہوسکتی ہیں، لیکن انسانوں کے جذبات ایک جیسے ہیں۔ انسانیت ہی ہماری ذات اور انسانیت ہی ہمارا مذہب ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ لوہے سے قینچی بھی بنائی جا سکتی ہے اور سوئی بھی، لیکن ہمیں کاٹنے والی قینچی کے بجائے جوڑنے والی سوئی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ حکومت اور کانگریس پارٹی سماج کو جوڑنے اور مختلف طبقات کے درمیان اتحاد کو مضبوط کرنے پر یقین رکھتی ہیں، سماج کو تقسیم کرنے کی سیاست ہمارے لیے قابلِ قبول نہیں۔انہوں نے اردو زبان و ادب اور ثقافت کے لیے خدمات انجام دینے والے 20 ممتاز افراد کو ایوارڈز سے نوازے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تمام ایوارڈ یافتگان کو مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اردو اکیڈمی کی جانب سے ادبی سرگرمیوں اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد قابلِ ستائش ہے اور حکومت اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

عارف متین سمیت ممتاز ادبی و صحافتی شخصیات کی تہنیت

تقریب میں اردو زبان و ادب اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں شہر ٹمکورو کی معروف و معزز شخصیت عارف متین کو صحافتی و ادبی خدمات کے زمرے میں خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ شعری خدمات کے اعتراف میں یحییٰ نسیم، نثری خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر غضنفر اقبال سہروردی، تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ملت ایجوکیشن سوسائٹی اور مجموعی خدمات کے اعتراف میں معروف و عالمی شہرت یافتہ ناظمِ مشاعرہ شفیق عابدی کو اعزازات پیش کیے گئے۔اس کے علاوہ ساجد اسلم، عبدالمقتدر تاج، ڈاکٹر کوثر پروین، انور خان انور، طارق نقاش، غضنفر علی بیگ بابو، شکیل احمد باگمرے، حیدر مظہری، مشتاق حسین فاروقی اور امیر جان امیر کو بھی مختلف زمروں میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔

کتابوں پر انعامات کے زمرے میں ڈاکٹر حلیمہ فردوس، ڈاکٹر طاہرہ نورانی، ڈاکٹر آر۔ عبدالحمید، ڈاکٹر فرزانہ فرح، سر قاضی قمرالدین قمر کو انعامات پیش کیے گئے، جبکہ لاونیا گنڈپا کو خصوصی تہنیت پیش کی گئی۔ ان اعزازات کے ذریعے اردو زبان و ادب، تحقیق، تصنیف، تعلیم، صحافت اور دیگر متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات کا اعتراف کیا گیا۔

اردو کی تہذیبی وراثت کو نئی نسل تک پہنچانے کا عزم

تقریب میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جشنِ اردو محض ایک روزہ پروگرام یا رسمی تقریب نہیں، بلکہ اردو زبان کی تاریخ، تہذیبی وراثت، ادبی روایت اور ثقافتی اقدار کو نئی نسل تک منتقل کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔ زبان صرف اظہار کا وسیلہ نہیں ہوتی بلکہ اس میں کسی خطے کی تاریخ، تہذیب، طرزِ زندگی اور اجتماعی اقدار بھی محفوظ ہوتی ہیں۔ ان روایات کا تحفظ اور فروغ پوری سماج کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اس موقع پر کنڑا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیرمین پرشوتم بیلے میلے، سابق وزیر ڈی ٹی للیتا نایک، اور معروف کنڑا صحافی بیلگور سمیع اللہ نے بھی خصوصی خطاب کیا ۔اس موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود کی سکریٹری سلمیٰ فہیم، اکیڈمی کے اراکین محمد اعظم شاہد، ظفر محی الدین، ڈاکٹر شائستہ یوسف، منیر احمد جامی، شاہد قاضی، ڈاکٹر اختر سعیدہ خانم، تنویر عظیم، سید عابد اسلم، محمد امین نواز، ڈاکٹر بی داؤد محسن، ڈاکٹر انیس صدیقی، ڈاکٹر یوسف علی ناطق علی پوری، شریف الدین مقاشی اور رجسٹرار اعجاز پاشاہ سمیت دیگر معززین موجود تھے۔

تقریب میں وزیر برائے خوراک و شہری رسدات رضوان ارشد، رکنِ راجیہ سبھا منصور علی خان، بنگلورو ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے صدر اور شانتی نگر کے رکن اسمبلی این اے حارث، شگاؤں کے رکن اسمبلی یاسر احمد خان پٹھان، کلبرگی شمال کے رکن اسمبلی اور کرناٹک ریشم صنعتوں کے کارپوریشن کی صدر کنیز فاطمہ، کرناٹک اسٹیٹ مائنارٹیز کمیشن کے صدر یو نثار احمد، کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ کے صدر سید محمد علی الحسینی، کرناٹک مائنارٹیز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر بی کے الطاف خان، کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کے صدر ایس ذوالفقار احمد خان اور کرناٹک اردو اکیڈمی کے صدر محمد علی قاضی سمیت متعدد عوامی نمائندے اور سرکردہ شخصیات شریک رہیں۔جشنِ اردو کے تحت دن بھر ادبی و ثقافتی سرگرمیوں، کتابوں کی رسمِ اجرا اور ایوارڈز کی تقسیم کے ذریعے اردو زبان و ادب کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب نے اس عزم کو بھی اجاگر کیا کہ اردو کی ادبی روایت کو زندہ رکھنے، اس کے دائرۂ اثر کو وسیع کرنے اور نئی نسل میں اس زبان سے محبت پیدا کرنے کے لیے سرکاری اور سماجی سطح پر مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔رکن اکیڈمی محمد اعظم شاہد نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔

0/Post a Comment/Comments