Law Department Committed to Protecting Rights of Senior Citizens and Parents: Judge Srinivas Navale عالمی یومِ بزرگ شہری پر 15 بزرگوں کا اعزاز

بزرگ شہریوں اور والدین کے حقوق کے تحفظ کے لیے محکمۂ قانون پابند: جج سرینواس ناولے

قانونی حقوق اور فلاحی اسکیموں سے استفادہ کی اپیل؛ نمایاں خدمات انجام دینے والے بزرگ شہریوں کا اعزاز

گلبرگہ، یکم اکتوبر (جی چندراکانتھ)

ضلع لیگل سرویس اتھارٹی کے رکن سکریٹری اور سینئر سیول جج سرینواس ناولے نے کہا کہ بزرگ شہریوں اور والدین کی سلامتی، حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے محکمۂ قانون ہر وقت پابند ہے۔وہ گلبرگہ میں ضلعی انتظامیہ، ضلع پنچایت، محکمہ خواتین و اطفال بہبود، محکمہ معذور افراد و بزرگ شہریوں کی بااختیاری اور بزرگ شہریوں کے شعبے میں سرگرم مختلف رضاکارانہ تنظیموں کے اشتراک سے منعقدہ عالمی یومِ بزرگ شہری پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ والدین اور بزرگ شہریوں کی کفالت و بہبود ایکٹ 2007 کے تحت 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں اور والدین کے لیے جائیداد اور زندگی گزارنے کے وسائل کے تحفظ کی قانونی ضمانت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے ایکٹ کی مختلف دفعات سے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی کفالت نہ کرنے اور مناسب دیکھ بھال سے گریز کرنے والے بچوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکتی ہے۔

جج سرینواس ناولے نے بزرگ شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے قانونی حقوق سے آگاہ رہیں اور ضرورت پڑنے پر مفت قانونی مشورے کے لیے قومی قانونی امدادی ہیلپ لائن 15100 سے استفادہ کریں۔اس موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 15 بزرگ شہریوں کو توصیفی اسناد پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ کھیلوں اور ثقافتی مقابلوں میں کامیاب ہونے والے تقریباً 68 بزرگ شہریوں کو انعامات اور اسناد دی گئیں۔ضلع معذور افراد و بزرگ شہریوں کی بہبود کے افسر صادق حسین خان نے خیرمقدم کرتے ہوئے پروگرام کا تعارف پیش کیا۔ گلبرگہ کے سینئر وکیل راجے شیوشَرَنپا نے خصوصی خطاب کیا۔ ماتوشری امبوبائی نابینا طالبات کے رہائشی اسکول کی طالبات نے دعائیہ نغمہ پیش کیا۔پروگرام میں گلبرگہ ریڈ کراس کے ضلعی صدر ارون کمار لویا، صدی سالہ بزرگ سنگما، ضلعی سطح کے افسران، تمام تعلقہ جات کے ایم آر ڈبلیو، مختلف اداروں کے سربراہان اور بڑی تعداد میں بزرگ شہری شریک رہے۔

0/Post a Comment/Comments