بی۔ سریش گوڑا کے مبینہ بیان کے خلاف پولیس میں شکایت، قانونی کارروائی کا مطالبہ
ٹمکورو کے سید برہان الدین نے پولیس سے بیان کی تحقیقات اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا
ٹمکورو، 26 ستمبر (حقیقت ٹائمز)
ٹمکورو کے ایک شہری سید برہان الدین نے ٹمکورو دیہی حلقہ کے بی جے پی رکن اسمبلی بی۔ سریش گوڑا کے خلاف تلک پارک پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کراتے ہوئے ان کے مبینہ بیان پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جس میں شکایت کنندہ کے مطابق مسلمانوں کو ٹیپو جینتی کے موقع پر پاکستان کا پرچم لہرانے سے جوڑا گیا تھا۔ شکایت میں سید برہان الدین نے کہا ہے کہ 25 ستمبر 2026 کو ٹمکورو ٹاؤن ہال سرکل کے قریب مہا گنپتی وسرجن سے متعلق بعض کارروائیوں کے دوران احتجاج ہورہا تھا، جہاں ان کے مطابق رکن اسمبلی بی۔ سریش گوڑا بھی موجود تھے۔ شکایت کنندہ کا دعویٰ ہے کہ اس موقع پر رکن اسمبلی نے پولیس اور میونسپل حکام کے سامنے مسلمانوں کی بعض مذہبی سرگرمیوں کو پاکستان کے پرچم اور دیگر مبینہ سرگرمیوں سے جوڑتے ہوئے بیان دیا۔سید برہان الدین نے اپنی شکایت میں کہا کہ مذکورہ بیان سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ مسلمان مذہبی تقریبات کے دوران پاکستان کا پرچم لہراتے ہیں۔ انہوں نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی مسلمان ملک کے شہری ہیں اور قومی پرچم اور ملک کے تئیں احترام رکھتے ہیں۔
شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ اس نوعیت کے بیان سے مذہبی برادریوں کے درمیان غلط فہمی، دشمنی یا کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے پولیس سے درخواست کی کہ بیان کی مکمل جانچ کی جائے اور اگر اس میں قابلِ تعزیر مواد پایا جائے تو متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے۔شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ مبینہ بیان پرجا شکتی کنڑ ٹی وی کے یوٹیوب چینل پر نشر ہونے والی ویڈیو میں موجود ہے۔ شکایت کنندہ نے ویڈیو کی ایک نقل بھی بطور ثبوت منسلک کرنے کا ذکر کیا ہے اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ویڈیو اور بیان کے اصل سیاق و سباق کی جانچ کی جائے۔سید برہان الدین نے اپنی درخواست میں کہا کہ ٹمکورو میں مذہبی ہم آہنگی اور امن برقرار رکھنے کے لیے حساس نوعیت کے بیانات کی مکمل جانچ ضروری ہے۔ انہوں نے پولیس سے رکن اسمبلی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔اس خصوص میں انہوں نے ضلعی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے وی اشوک کو بھی میمورنڈم پیش کیا ہے ۔
Post a Comment