Chikkamagaluru Muslim Forum Felicitates MLC Gayathri Shante Gowda گائتری شانتے گوڑا کے دوبارہ ایم ایل سی منتخب ہونے پر تہنیت

گائتری شانتے گوڑا کے دوبارہ ایم ایل سی منتخب ہونے پر چکمگلور مسلم وکوٹہ کا تہنیتی اجلاس

عوامی نمائندوں، علماء، ائمہ اور مسلم عمائدین کی شرکت، گائتری شانتے گوڑا کا اظہارِ تشکر

چکمگلور، 30 ستمبر (فیروز نشیمن)

چکمگلور مسلم وکوٹہ کے زیرِ اہتمام کانگریس لیڈر اور ایم ایل سی شریمتی گائتری شانتے گوڑا کے اعزاز میں ایک تہنیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ یہ تقریب ان کے عدالتی فیصلے کے تحت دوبارہ ایم ایل سی منتخب ہونے کی خوشی میں 29 ستمبر کو رائل ٹریٹ ہوٹل، چکمگلور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں چکمگلور حلقہ کے رکن اسمبلی ایچ۔ ڈی۔ تمیا مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے، جبکہ ضلعی کانگریس صدر اور سی۔ڈی۔اے چیئرمین ایچ۔ پی۔ منجے گوڑا سمیت شہر کے مسلم عمائدین، مساجد کے متولیان، علماء کرام اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔جلسے کا آغاز مولانا مولوی شعیب شاہی، خطیب و امام مسجد فردوس، کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ مولانا مولوی ارشاد رضوی، خطیب و امام مسجد سلام، نے نعتِ شریف پیش کی۔ شرکاء کا استقبال سابق سی۔ڈی۔اے چیئرمین کے۔ محمد نے کیا، جبکہ نظامت کانگریس لیڈر رسول خان نے انجام دی۔

ابتدائی کلمات میں سابق سی۔ڈی۔اے چیئرمین عتیق قیصر نے کہا کہ ملک کی سیاسی صورتِ حال میں مسلمانوں کا متحد رہنا اور جمہوری عمل میں اپنی آواز مؤثر انداز میں پیش کرنا اہم ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اتحاد و اتفاق برقرار رکھنے کی اپیل کی۔کانگریس لیڈر سی۔ این۔ اکمل نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گائتری شانتے گوڑا کو دوبارہ ایم ایل سی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

گائتری شانتے گوڑا کا اظہارِ تشکر

اپنے خطاب میں ایم ایل سی گائتری شانتے گوڑا نے چکمگلور مسلم وکوٹہ کے نوجوانوں اور شہر کے تمام مسلمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم برادری کی جانب سے ان کے تئیں محبت اور خلوص کا اظہار کرتے ہوئے تہنیتی تقریب منعقد کرنا ان کے لیے باعثِ احترام ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ چار سال قبل بھی ایم ایل سی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں، تاہم عدالت میں زیرِ سماعت مقدمے کے باعث معاملہ طویل ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی دعاؤں اور حمایت سے انہیں دوبارہ کامیابی حاصل ہوئی اور وہ چکمگلور ضلع کے مسلمانوں کے ساتھ رہتے ہوئے ان کی خدمت کے لیے ہمیشہ دستیاب رہیں گی۔

امن و امان کے تحفظ کی یقین دہانی

اس موقع پر رکن اسمبلی ایچ۔ ڈی۔ تمیا اور ضلعی کانگریس صدر ایچ۔ پی۔ منجے گوڑا کی سلیم احمد نسیم اور غوث محی الدین بابو نے شال پوشی اور گل پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ایچ۔ ڈی۔ تمیا نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رکن اسمبلی کی حیثیت سے ذمہ داری کے دوران اقلیتوں اور مسلم برادری کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہ ہو اور علاقے میں امن و امان برقرار رہے، اس سلسلے میں وہ اپنی ذمہ داری نبھانے کی کوشش کریں گے۔تقریب کے دوران مختلف معزز شخصیات کی بھی شال پوشی اور گل پوشی کے ذریعے عزت افزائی کی گئی۔ ان میں الحاج سکندر محمد خان، متولی مسجد خضری؛ لیاقت علی خان ایاز، متولی مسجد اعظم؛ این۔ کے۔ نسار احمد؛ محمد اکبر، سابق میونسپل صدر؛ الحاج محمد نصراللہ شریف؛ افسر ہندوستانی، چیئرمین ودیا بھارتی اسکول؛ سی۔ این۔ اکمل، کانگریس لیڈر؛ اور حافظ شفیع اللہ مظہری شامل تھے۔اس موقع پر مسلم وکوٹہ کے منتظمین اور نوجوانوں اسلم، واجد، بابو، سلیم احمد نسیم، ندیم، نوری، سمیر سمو، سردار، ضیاء اور دیگر نے تقریب کے انتظامات میں حصہ لیا۔ حافظ محمد عرفان نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا، جبکہ الحاج حفاظ عبدالروف صاحب مظہری کی دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

0/Post a Comment/Comments