مفتی احمد ثمال رشادی ملی کونسل کرناٹک کے صدر منتخب
ریاستی مجلسِ عاملہ کی متفقہ تشکیل، ضلعی تنظیم نو اور عوامی خدمت کے دائرۂ کار میں توسیع پر زور
بنگلورو، 27 ستمبر (حقیقت ٹائمز)
آل انڈیا ملی کونسل کرناٹک کی نئی ریاستی قیادت کا انتخاب عمل میں آیا ہے، جس میں دارالعلوم سبیل الرشاد کے مہتمم و شیخ الحدیث مفتی احمد ثمال رشادی کو متفقہ طور پر ملی کونسل کرناٹک کا صدر منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر 21 رکنی مجلسِ عاملہ بھی متفقہ طور پر تشکیل دی گئی۔یہ انتخاب ہفتہ 26 ستمبر کو بنگلورو کے ایمیرالڈ صفا میں منعقدہ ملی کونسل کرناٹک کے جنرل باڈی اور انتخابی اجلاس میں عمل میں آیا۔ اجلاس میں ریاست کے تقریباً تمام اضلاع کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیم کی موجودہ سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے ریاست بھر میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے، عوامی مسائل سے متعلق کام کو وسعت دینے اور تعلیمی، معاشی و سماجی ترقی کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ملی کونسل کے دستور کے مطابق ریاستی اور مرکزی سطح پر ہر تین سال بعد تنظیمی انتخابات ہوتے ہیں۔ مرکزی مبصرین شیخ نظام الدین، مفتی عمر عابدین اور محمد عالم کی نگرانی میں انتخابی کارروائی مکمل ہوئی۔

محمد فیاض شریف کو جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا، جبکہ سید اشرف، مولانا نوشاد عالم قاسمی اور بلاری کے مولانا قاضی غلام غوث صدیقی کو سرپرست مقرر کیا گیا۔ عبیداللہ شریف، شیخ حبیب الرحمن سلفی، مولانا فاروق اعظم حبّان رحیمی اور ڈاکٹر روشن عباس نائب صدور منتخب ہوئے۔سید مظہر قادری اور محمد فاروق کو معاون جنرل سکریٹری، ابراہیم خان تنویر کو خازن اور نصراللہ شریف آفتاب کو معاون خازن کی ذمہ داری سونپی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملی کونسل کے قومی معاون جنرل سکریٹری سلیمان خان نے کہا کہ تنظیم کی اہمیت اس بات سے وابستہ ہے کہ وہ عوامی مسائل کے تئیں اپنی تشویش کو عملی اور تعمیری خدمت میں تبدیل کرے۔ انہوں نے ضلعی یونٹوں کو مضبوط بنانے، غریب اور محروم طبقات کی مدد، تعلیم و معاشی خودکفالت کے فروغ اور ہم خیال تنظیموں کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ملی کونسل کی سماجی ذمہ داری کسی ایک برادری تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ہر محروم اور ضرورت مند شہری کے ساتھ کھڑے ہوکر انصاف، وقار اور آئینی اقدار کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیے۔

مرکزی مبصر شیخ نظام الدین نے کہا کہ قیادت محض عہدہ نہیں بلکہ ذمہ داری ہے اور تنظیم کے دستور و مقاصد کا عملی اظہار خدمت، ایثار اور مسلسل عوامی رابطے کے ذریعے ہونا چاہیے۔محمد عالم نے تعلیم، روزگار اور جمہوری شرکت کے شعبوں میں اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ مفتی عمر عابدین نے اصولی وابستگی کے ساتھ معاشرے کے لیے ہمدردانہ خدمت کو تنظیمی ترجیحات میں شامل کرنے کی بات کہی۔ مرکزی کونسل کے رکن آغا سلطان نے ہم خیال تنظیموں کے ساتھ تعاون کے ذریعے محروم طبقات تک تنظیم کی رسائی بڑھانے پر زور دیا۔

نومنتخب جنرل سکریٹری محمد فیاض شریف نے کہا کہ نئی مجلسِ عاملہ کی اولین ترجیحات میں کرناٹک بھر میں ضلعی یونٹوں کی تنظیم نو اور ایک فعال ریاست گیر نیٹ ورک کی تشکیل شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملی کونسل کو عوام کے لیے قابلِ رسائی تنظیم بنانا، تعلیمی، معاشی، سماجی اور انسانی ضروریات سے متعلق مسائل پر کام کرنا، نوجوانوں کی شرکت بڑھانا اور ضرورت مندوں کی بلاامتیاز خدمت تنظیمی پروگرام کا اہم حصہ رہے گا۔اجلاس کے اختتام پر ملی کونسل کی خدمت گار شاخ خدمت بوائز کی خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا۔ تنظیم کے مطابق اس شاخ کی جانب سے ضرورت مند طلبہ کی تعلیمی فیس میں مدد، مریضوں کے علاج میں تعاون، ماہانہ راشن کی تقسیم اور شہریوں کی انتخابی فہرست سے متعلق رہنمائی کے لیے ایس آئی آر کیمپوں کے انعقاد جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔
Post a Comment