کولار میں آٹو ڈرائیوروں کے مسائل حل کرنے کے لیے انتظامیہ کے اقدامات
گاڑیوں کے دستاویزات مکمل کرنے کے لیے یکم نومبر تک مہلت، اہم مقامات پر آٹو اسٹینڈز قائم ہوں گے
کولار، 3 اکتوبر (شبیر احمد)
مسافروں کی حفاظت، ٹریفک کی روانی اور آٹو رکشا ڈرائیوروں کی فلاح و بہبود کے لیے انتظامیہ اور ڈرائیوروں کے درمیان بہتر تال میل ضروری ہے۔ ضلع ڈپٹی کمشنر ایم. آر. روی کمار نے کہا کہ قوانین کی پابندی کو یقینی بناتے ہوئے آٹو ڈرائیوروں کے جائز مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ سنجیدگی سے اقدامات کرے گی۔وہ جمعہ کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے دفتر میں آٹو رکشا ڈرائیوروں اور مالکان کی تنظیم کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ڈرائیوروں اور تنظیمی عہدیداروں نے اپنے روزمرہ مسائل اور مختلف مطالبات انتظامیہ کے سامنے پیش کیے۔ڈرائیوروں نے شکایت کی کہ دیہی علاقوں سے آنے والے آٹو رکشا شہر میں داخل ہوکر خدمات انجام دے رہے ہیں، جس سے شہر کے مقامی آٹو ڈرائیوروں کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے پرانے بس اسٹینڈ، کالجوں کے اطراف اور دیگر اہم مقامات پر مسافروں کو سوار کرنے اور اتارنے کے لیے مناسب مقامات کی کمی کی بھی نشاندہی کی۔تنظیمی عہدیداروں نے رات کے اوقات میں بس اسٹینڈ کے قریب آٹو رکشا کھڑے کرنے کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے بھی انتظامیہ کو واقف کرایا اور گاڑیوں کے دستاویزات کی تجدید کے لیے مزید مہلت دینے کی درخواست کی۔
ڈپٹی کمشنر ایم. آر. روی کمار نے ڈرائیوروں کے مطالبات سننے کے بعد مسائل کے حل کے لیے مثبت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ آٹو ڈرائیوروں کو گاڑیوں کے دستاویزات درست کرانے، لازمی ڈرائیونگ لائسنس سمیت دیگر ضروری دستاویزات مکمل کرنے کے لیے یکم نومبر تک مہلت دی گئی ہے۔انہوں نے شہر کے اہم چوراہوں اور کالجوں کے قریب باقاعدہ آٹو اسٹینڈز کی نشاندہی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں کم عمر بچوں کو آٹو رکشا یا دیگر گاڑیاں چلانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔عوام کی سہولت کے لیے ریلوے اسٹیشن اور اہم بس اسٹینڈز کے قریب پیشگی کرایہ نظام شروع کرنے کی بھی اطلاع دی گئی۔ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ ایچ. سی. جگدیش نے کہا کہ آٹو ڈرائیوروں کو غیر ضروری مشکلات سے بچانے اور مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہر آٹو رکشا کو متعلقہ آٹو اسٹینڈ کی بنیاد پر مخصوص نمبر دینے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے غیر مجاز آٹو رکشا سے پیدا ہونے والی پریشانیوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے ٹریفک وارڈن کی خدمات لینے پر بھی غور کیا جائے گا۔
ریاستی سڑک ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ڈویژنل کنٹرولر شری ناتھ نے کہا کہ بس اسٹینڈ کے اندر آٹو رکشا داخل ہونے سے مسافروں کی آمدورفت اور بسوں کی نقل و حرکت متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ بس اسٹینڈ کے باہر مقررہ فاصلے پر ہی آٹو رکشا کھڑے کریں اور ٹریفک انتظامات میں تعاون کریں۔اجلاس میں ضلع ٹرانسپورٹ افسر نیاز پاشا، ریاستی آٹو یونین کے صدر کے. وی. سریش کمار، تمام ٹرانسپورٹ انسپکٹرز اور یونین کے عہدیداران مونی وینکٹپا، مشتاق، ایکامبرم، جگدیش، مدنی اور منجوناتھ سمیت دیگر موجود تھے۔
Post a Comment