گاندھی جی کے سچ اور عدم تشدد کے اصول اپنائیں: ڈپٹی کمشنر اکرام شریف
نوجوانوں کو گاندھی وادی اقدار اور خود انحصاری کی تلقین
گلبرگہ، 2 اکتوبر (جی چندراکانتھ)
گلبرگہ کے ڈپٹی کمشنر اکرام شریف نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مہاتما گاندھی کے سچ اور عدم تشدد کے اصولوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پُرتصادم عالمی ماحول میں گاندھی جی کی جانب سے دنیا کو دیے گئے سچائی اور عدم تشدد کے اعلیٰ اقدار پہلے سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔وہ جمعہ کو گلبرگہ میں محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ضلعی انتظامیہ، ضلع پنچایت، گلبرگہ میونسپل کارپوریشن، محکمہ کنڑا و ثقافت اور بھارت سیوا دل کی ضلعی کمیٹی کے اشتراک سے منعقدہ مہاتما گاندھی کی 157ویں یومِ پیدائش تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اکرام شریف نے مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی تصاویر پر پھول نچھاور کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ یومِ پیدائش کی مناسبت سے گاندھی جی کے افکار و پیغامات پر خصوصی خطاب، مضمون نویسی مقابلے کے کامیاب طلبہ میں اسناد کی تقسیم اور بین المذاہب دعائیہ اجتماع کے علاوہ قومی یکجہتی و خیرسگالی پر مبنی گیتوں کا پروگرام بھی منعقد کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سچائی اور انصاف کا راستہ سب سے زیادہ مؤثر ہے۔ مہاتما گاندھی نے اپنی پوری زندگی سادگی کے ساتھ گزاری اور اپنے قول و عمل میں یکسانیت کے باعث دنیا بھر میں احترام حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے تشدد کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے سچائی کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہونا ہی حقیقی ستیہ گرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سچائی، عدم تشدد، قربانی اور خود انحصاری پر مبنی گاندھی وادی اصول صرف تقریروں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ انہیں روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ صفائی مہم کا آغاز اپنے آپ اور اپنے گھروں سے کریں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔سینٹ جوزف پی یو کالج کے نائب پرنسپل ڈاکٹر چِی۔ سی۔ ننگنا نے گاندھی جی کے نظریات اور پیغامات پر خصوصی خطاب کیا۔ محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جڈی ایپا گیدل گٹی نے خیرمقدم کیا اور تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔تقریب سے قبل ٹاؤن ہال میں واقع مہاتما گاندھی کی یادگار پر ڈپٹی کمشنر اکرام شریف، سٹی پولیس کمشنر ڈاکٹر ایس۔ ڈی۔ شرنپا، ایس پی اڈور سرینواسلو، ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو افسر راہل سنکنور اور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اویناش شندے نے گل پوشی کرکے گاندھی جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔بھارت سیوا دل کے ضلعی منتظم چندرشیکھر جمادار کی قیادت میں بین المذاہب دعائیہ اجتماع منعقد ہوا۔ فن کار پرمودنی شیلونت اور ان کی ٹیم نے گاندھی جی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے والے گیت پیش کیے۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رائیپا ہنسگی، محکمہ اسکولی تعلیم کے شعبۂ پری یونیورسٹی کے عہدیدار دیون گوڈا پاٹل، جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت سمَد پٹیل سمیت مختلف ضلعی سطح کے افسران اور محکمہ اطلاعات کے ملازمین موجود تھے۔ نظامت شیوراج انجاگی نے کی۔

Post a Comment