Annual Jashn-e-Mahboobeen Held at Dargah of Sher Sawarؒ بارگاہِ شیر سوارؒ میں سالانہ جشنِ محبوبین

بسواکلیان کی بارگاہِ شیر سوارؒ میں سالانہ جلسہ جشنِ محبوبین کا انعقاد

غوثِ پاکؒ اور محبوبِ الٰہیؒ کی سیرت و تعلیمات پر علماء و مقررین کے خطابات

بیدر، 4 اکتوبر (حقیقت ٹائمز)

 بسواکلیان، ضلع بیدر میں بارگاہِ حضرت سیدنا تاج الدین شیر سوارؒ المعروف حضرت راجہ باگ سوارؒ میں ماہِ ربیع الثانی کے موقع پر سالانہ جلسہ جشنِ محبوبین، جشنِ محبوبِ سبحانی اور جشنِ محبوبِ الٰہی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد حمد، نعتِ رسولِ اکرم ﷺ اور منقبت پیش کی گئی۔جلسہ کی نگرانی و سرپرستی پیرِ طریقت حضرت مولانا خواجہ شاہ ضیاء الحسن جاگیردار صاحب قبلہ، مورثی سجادہ نشین و متولی بارگاہ حضرت راجہ باگ سوارؒ نے کی اور انہوں نے صدارتی خطاب بھی فرمایا۔اپنے خطاب میں حضرت مولانا خواجہ شاہ ضیاء الحسن جاگیردار نے غوثِ پاک حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی سیرت و تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپؒ نے قرآنِ کریم اور سنتِ رسول ﷺ کی پیروی، توحید، تقویٰ، اخلاص اور اطاعتِ الٰہی کو انسانی کامیابی کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے توبہ، صبر، شکر، توکل اور خدمتِ خلق کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

محبوبِ الٰہی حضرت خواجہ نظام الدین اولیاءؒ کی سیرت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپؒ نے محبت، اخلاص، عاجزی اور انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔ ضرورت مندوں کی مدد، بھوکوں کو کھانا کھلانے، غم زدہ افراد کی دلجوئی اور مخلوقِ خدا کے ساتھ حسنِ سلوک آپؒ کی تعلیمات کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اولیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں محبت، امن، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔معروف مقرر شوکت علی خان نظامی نے خصوصی خطاب میں اولیائے کرام کی دینی و روحانی خدمات اور ان کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بزرگانِ دین نے اللہ تعالیٰ کی اطاعت، رسولِ اکرم ﷺ کی محبت و اتباع اور خدمتِ خلق کا درس دیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے دین سے وابستگی مضبوط کرنے، کردار و اخلاق سنوارنے اور معاشرے میں امن و بھائی چارے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔محفلِ نعت و منقبت میں حضرت خواجہ شاہ خسرو الحسن چشتی نظامی شیر سواری نے نعتِ پاک پیش کی، جبکہ سید اکبر نظامی نے منقبت کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔جلسہ میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور بارگاہِ راجہ باگ سوارؒ میں حاضری دی۔ اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، خوشحالی، امن و امان اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

0/Post a Comment/Comments