Young Muslim Leader Ibrahim Khalilullah to Lead Davangere Congress ابراہیم خلیل اللہ داونگیرے ضلع کانگریس صدر نامزد

نوجوان مسلم رہنما ابراہیم خلیل اللہ داونگیرے ضلع کانگریس کے صدر نامزد

تقریباً 10 برس بعد قیادت میں تبدیلی، اقلیتی اور نوجوان قیادت کو اہم تنظیمی ذمہ داری

داونگیرے، 10 ستمبر (الطاف رضوی)

کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے نوجوان مسلم رہنما اور ایڈوکیٹ ابراہیم خلیل اللہ کو داونگیرے ضلع کانگریس کمیٹی کا نیا صدر نامزد کیا ہے۔ ان کی تقرری کے ساتھ ہی گزشتہ تقریباً 10 برس سے ضلع کانگریس صدر کی ذمہ داری سنبھال رہے ایچ بی منجپا کی جگہ نئی قیادت سامنے آئی ہے۔ذرائع کے مطابق ضلع کانگریس صدر کے عہدے کے لیے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سمیت 25 سے زائد افراد نے اپنی دلچسپی ظاہر کی تھی، تاہم اعلیٰ قیادت نے تنظیمی سرگرمیوں میں مسلسل فعال رہنے والے نوجوان رہنما ابراہیم خلیل اللہ کے نام کو ترجیح دی۔ابراہیم خلیل اللہ نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز طلبہ تنظیم اور یوتھ کانگریس سے کیا اور طویل عرصے سے پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں میں سرگرم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران انہوں نے کانگریس رہنما راہول گاندھی کی ہدایات پر کرناٹک سمیت ملک کی مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا۔

داونگیرے جنوبی اسمبلی حلقے کے بیتور روڈ علاقے سے تعلق رکھنے والے ابراہیم خلیل اللہ کو پارٹی کے نوجوان اور فعال رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ ریاست کے بااثر کانگریس رہنما اور وزیر رضوان ارشد کے علاوہ داونگیرے ضلع کے نگران وزیر ایس ایس ملیکارجن کے قریبی ساتھیوں میں بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔ان کی تقرری کو ضلع میں کانگریس کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کے ساتھ ساتھ نوجوان قیادت کو آگے بڑھانے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھا جارہا ہے۔ ایک مسلم نوجوان رہنما کو ضلع سطح پر اہم تنظیمی ذمہ داری سونپے جانے سے اقلیتی طبقے اور نوجوان کارکنوں کی پارٹی میں نمائندگی کو بھی تقویت ملنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔ابراہیم خلیل اللہ کی نامزدگی پر داونگیرے ضلع کے نگران وزیر ایس ایس ملیکارجن، رکن پارلیمان ڈاکٹر پربھا ملیکارجن، داونگیرے جنوبی کے رکن اسمبلی سمرتھ شامنور ملیکارجن اور چنگری کے رکن اسمبلی بسوراج وی شیوگنگا سمیت متعدد کانگریس رہنماؤں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ضلع بھر میں کانگریس کارکنوں، نوجوانوں اور دیگر حامیوں کی جانب سے بھی ابراہیم خلیل اللہ کی تقرری کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ کارکنوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی قیادت کے تحت ضلع میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنانے اور کارکنوں کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔

0/Post a Comment/Comments