Service Awards: Applications Invited from Karnataka Government Employees سرکاری ملازمین کے سروس ایوارڈ کے لیے درخواستیں طلب

مثالی خدمات انجام دینے والے سرکاری ملازمین کے لیے سروس ایوارڈ کی درخواستیں طلب

آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر، ہر سال نومبر میں ایوارڈ دینے کی تجویز

چنگری، 29 ستمبر (الطاف رضوی)

کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے ریاستی حکومت کے ایسے ملازمین سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں جنہوں نے ایمانداری، فرض شناسی، نظم و ضبط، بہتر کارکردگی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ مثالی خدمات انجام دی ہیں۔ منتخب ملازمین کو گورنمنٹ ایمپلائز سروس ایوارڈ سے نوازنے کی تجویز ہے۔چنگری تعلقہ سرکاری ملازمین انجمن کے صدر بی۔ کے۔ شیوکمار نے شہر کے صحافی انجمن دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن ایک قدیم تنظیم ہے، جو ریاست بھر کے سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی آرہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن ریاست کے تقریباً 5.25 لاکھ سرکاری ملازمین کی نمائندگی کرنے والی بڑی تنظیم ہے اور سرکاری ملازمین و ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ملازمین میں بہتر کارکردگی اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دیتی ہے۔

بی۔ کے۔ شیوکمار نے کہا کہ ایسے سرکاری ملازمین جنہوں نے اپنے فرائض ایمانداری، نظم و ضبط، فرض سے وفاداری اور انسانی ہمدردی کے ساتھ انجام دیتے ہوئے عوامی مفاد اور فلاح و بہبود کے لیے قابلِ ذکر خدمات انجام دی ہیں، ان کی خدمات کو تسلیم کرنے کے مقصد سے ہر سال نومبر میں گورنمنٹ ایمپلائز سروس ایوارڈ پیش کرنے کی تجویز ہے۔انہوں نے کہا کہ ایوارڈ کا مقصد مثالی خدمات انجام دینے والے سرکاری ملازمین کی حوصلہ افزائی کے ساتھ دیگر ملازمین میں بھی عوامی خدمت اور بہتر کارکردگی کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ایسوسی ایشن کی جانب سے ایوارڈ کے لیے مقررہ ضوابط کے تحت آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ موصولہ درخواستوں میں سے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق مستحق ملازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔پریس کانفرنس میں چنگری تعلقہ سرکاری ملازمین انجمن کے صدر بی۔ کے۔ شیوکمار، سکریٹری لوکیش ٹی، رامپا، ناگراج، سوشیکھر سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔

0/Post a Comment/Comments