راشن کارڈ کی ای-کے وائی سی موبائل ایپ سے آسان بنانے اور آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ
افسر کوڈلی پیٹ کی وزیر رضوان ارشد سے اپیل، تکنیکی خرابی کے باعث کسی مستحق کو راشن سے محروم نہ کرنے پر زور
دوانگیرے، 16 ستمبر (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک میں راشن کارڈ رکھنے والے افراد کے لیے لازمی قرار دیے گئے ای-کے وائی سی کے عمل میں پیش آنے والی تکنیکی مشکلات اور عوامی الجھن پر سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری اور دوانگیرے جنوبی اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کے امیدوار افسر کوڈلی پیٹ نے اس سلسلے میں محکمہ خوراک و شہری رسد کے وزیر رضوان ارشد کو تحریری درخواست پیش کرتے ہوئے ای-کے وائی سی کے عمل کو آسان بنانے اور مقررہ آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔حکومت نے راشن کارڈ مستحقین کے لیے ای-کے وائی سی مکمل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 مقرر کی ہے۔ تاہم ریاست کے مختلف علاقوں میں راشن کی منصفانہ قیمت کی دکانوں پر عوام کا ہجوم، سرور کی خرابی اور نیٹ ورک کے مسائل کے باعث بڑی تعداد میں مستحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی غریب خاندان ای-کے وائی سی مکمل کرانے کے لیے گھنٹوں اور بعض اوقات کئی دنوں تک راشن کی دکانوں کے سامنے انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔
افسر کوڈلی پیٹ نے خاص طور پر بیرون ملک ملازمت یا تعلیم کے سلسلے میں مقیم غیر مقیم ہندوستانی راشن کارڈ مستحقین کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ صرف ای-کے وائی سی مکمل کرنے کے لیے ان کا کرناٹک آنا عملی طور پر ممکن نہیں ہے۔ ایسے افراد کو راشن کی سہولت سے محروم ہونے کا خدشہ بھی لاحق ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق پر مبنی موبائل ایپ متعارف کرائی جائے، جس کے ذریعے مستحقین اپنے گھروں سے ہی ای-کے وائی سی مکمل کرسکیں۔ بیرون ملک مقیم غیر مقیم ہندوستانی مستحقین کے لیے بھی موبائل کے ذریعے محفوظ طریقے سے ای-کے وائی سی مکمل کرنے کی خصوصی سہولت فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ 30 ستمبر 2026 کی موجودہ آخری تاریخ میں کم از کم ایک ماہ کی توسیع کی جائے اور تکنیکی وجوہات کی بنا پر ای-کے وائی سی مکمل نہ کر پانے والے کسی بھی اہل مستحق کو راشن کی سہولت سے محروم نہ کیا جائے۔
افسر کوڈلی پیٹ نے حکومت سے یہ بھی کہا کہ اگر موبائل ایپ کے ذریعے ای-کے وائی سی کی سہولت شروع کی جاتی ہے تو اس کے بارے میں ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر عوامی بیداری مہم چلائی جائے، تاکہ غریب اور کم تعلیم یافتہ خاندان بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے وزیر رضوان ارشد سے اپیل کی کہ ٹیکنالوجی کو عوام دوست انداز میں استعمال کرتے ہوئے ای-کے وائی سی کے عمل میں درپیش مسائل کو فوری طور پر دور کیا جائے اور محض تکنیکی خرابی یا سہولت کی عدم دستیابی کے باعث کوئی بھی مستحق خاندان حکومت کی جانب سے فراہم کردہ انا بھاگیہ راشن سہولت سے محروم نہ ہو۔
Post a Comment