Memorandum Seeks Friday Morning Sessions for Urdu Schools چنگری میں اردو اسکولوں کے اوقات پر یادداشت

چنگری میں اردو اسکولوں کے لیے جمعہ کی مارننگ کلاسز کا مطالبہ

عثمان شریف نلورو کی بلاک ایجوکیشن افسر کو یادداشت، محکمانہ قواعد پر عمل کی اپیل

چنگری 28 ستمبر (الطاف رضوی)

سرکاری اور محکمۂ تعلیماتِ عامہ کے قواعد کے مطابق اردو اسکولوں میں جمعہ کے روز مارننگ کلاسز چلانے اور طلبہ کو نمازِ جمعہ میں شرکت کا موقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں سابق تعلق پنچایت رکن عثمان شریف نلورو نے بلاک ایجوکیشن افسر کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محکمۂ تعلیماتِ عامہ کے مقررہ ضوابط کے مطابق اردو اسکولوں میں جمعہ کے دن صبح کی جماعتیں منعقد کی جانی چاہئیں۔ تاہم ان کے مطابق بعض مقامات پر جمعہ کے روز مکمل دن اسکول چلانے اور ہفتہ کو مارننگ کلاس کے بعد اتوار کو تعطیل رکھنے کا طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے، جو محکمہ کے مقررہ قواعد کے مطابق نہیں ہے۔عثمان شریف نے کہا کہ سرکاری اداروں میں محکمہ کی جانب سے طے کردہ اصول و ضوابط پر عمل درآمد ضروری ہے اور کسی کو اپنی مرضی کے مطابق تعلیمی اوقات مقرر کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر جمعہ کے روز اردو اسکولوں میں مارننگ کلاسز چلائی جائیں تو بالخصوص مسلم اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو نمازِ جمعہ میں شرکت کے لیے مناسب وقت دستیاب ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بلاک ایجوکیشن افسر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اپنے دائرۂ اختیار میں محکمۂ تعلیماتِ عامہ کے قواعد پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔عثمان شریف نے کہا کہ اگر اس سلسلے میں ضروری کارروائی نہیں کی گئی تو ضابطے اور قانونی دائرۂ کار کے اندر رہتے ہوئے مزید اقدامات کرنے پر غور کیا جائے گا۔اس موقع پر امجد خان ہنے باگی بھی موجود تھے۔w

0/Post a Comment/Comments