Karnataka Parva-2026 Ready for Opening, 180+ Stalls Set Up یو۔ ٹی۔ قادر کی نگرانی میں کرناٹک پروا-2026

یو۔ ٹی۔ قادر کی نگرانی میں کرناٹک پروا-2026 کی تیاریاں مکمل

ہفتہ کو افتتاح، 180 سے زائد اسٹالز میں اقلیتی دستکاروں کی مصنوعات کی نمائش

بنگلورو، 25 ستمبر (حقیقت ٹائمز)

محکمہ اقلیتی بہبود، حج و اوقاف، حکومتِ کرناٹک کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے پانچ روزہ کرناٹک پروا-2026 کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ نمائش کا افتتاح ہفتہ 26 ستمبر کو صبح 11 بجے تریپورا واسنی، پیلس گراؤنڈز، بنگلورو میں وزیر اعلیٰ ڈی۔ کے۔ شیوکمار کریں گے۔تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی۔ پرمیشورا اور کرناٹک قانون ساز کونسل کے چیئرمین سلیم احمد کی خصوصی موجودگی ہوگی، جبکہ وزیر اقلیتی بہبود، حج و اوقاف و صحت و خاندانی بہبود یو۔ ٹی۔ قادر فرید، وزیر توانائی و سیاحت کے۔ جے۔ جارج، وزیر رہائش بی۔ زیڈ۔ ضمیر احمد خان اور وزیر خوراک و شہری رسد و صارفین امور رضوان ارشد ارکان راجیہ سبھا عمران پرتاپ گڑھی، ڈاکٹر سید ناصر حسین اور منصور علی خان شرکت کریں گے۔نمائش کے اسٹالوں کا افتتاح تلنگانہ حکومت کے وزیر اقلیتی بہبود و عوامی ادارہ جات محمد اظہرالدین اور کیرالہ کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم روزی ایم۔ جان کریں گے۔ تقریب کی صدارت ملیشورم کے رکن اسمبلی ڈاکٹر سی۔ این۔ اشوتھ نارائن کریں گے۔

کرناٹک پروا-2026 26 سے 30 ستمبر تک جاری رہے گا، جس میں ریاست کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اقلیتی برادریوں کے دستکار، ہنرمند اور فن کار اپنی روایتی دستکاری، مصنوعات اور فنون پیش کریں گے۔ نمائش میں 180 سے زائد اسٹال قائم کیے گئے ہیں۔پروگرام کا مقصد اقلیتی دستکاروں اور ہنرمندوں کو اپنی مصنوعات براہِ راست صارفین تک پہنچانے، نئے کاروباری مواقع حاصل کرنے اور اپنی روایتی دستکاری کو وسیع بازار تک لے جانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ ای کامرس، رقمی تشہیر، جدید تجارتی طریقوں اور کاروباری روابط سے متعلق تربیتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔پانچ روزہ پروگرام کے دوران مختلف ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ صوفیانہ کلام، قوالی، مشاعرہ اور دیگر پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔ عوام کے لیے پروگرام میں داخلہ مفت ہوگا۔وزیر اقلیتی بہبود یو۔ ٹی۔ قادر نے پہلے ہی پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا تھا کہ کرناٹک پروا کے ذریعے اقلیتی برادریوں کی روایتی دستکاری، فنون اور تہذیبی ورثے کو وسیع سطح پر متعارف کرانے کے ساتھ دستکاروں کو پائیدار بازار سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

0/Post a Comment/Comments