Harihar Protest Against ED Action on Minister Satish Jarkiholi ہری ہر میں ستیش جارکی ہولی کے خلاف ای ڈی کارروائی پر احتجاج

ہری ہر میں وزیر ستیش جارکی ہولی کے خلاف ای ڈی کارروائی پر احتجاج

کانگریس اور مانوا بندھوتوا ویدیکے کا مرکزی ایجنسی کے مبینہ غلط استعمال پر اعتراض، تحصیلدار کو عرضداشت

داونگیرے 10 ستمبر (الطاف رضوی)

ضلع داونگیرے کے تعلقہ ہری ہر شہر کے مرکزی سرکل میں ہری ہر بلاک کانگریس، ملے بنور بلاک کانگریس اور مانوا بندھوتوا ویدیکے کی جانب سے کرناٹک حکومت کے وزیر اور سماج کے استحصال زدہ طبقات کی آواز سمجھے جانے والے ستیش جارکی ہولی کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔احتجاج میں شریک افراد نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائی کے طریقۂ کار پر شدید اعتراض کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے تحت کام کرنے والی ایجنسی کے مبینہ غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے اور ان کے کام کاج میں شفافیت اور غیر جانب داری کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔احتجاج کے بعد مظاہرین کی جانب سے تحصیلدار کو ایک عرضداشت پیش کی گئی، جس میں مرکزی حکومت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مبینہ غلط استعمال کو روکنے اور سیاسی شخصیات کے خلاف کارروائی میں غیر جانب داری برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا گیا۔احتجاج میں سابق رکن اسمبلی ایس رامپا، بلاک کانگریس صدر ایل بی ہنومنتھپا، نندی گاوئی سری نیواس کے علاوہ کانگریس پارٹی کے بڑی تعداد میں کارکنان اور مانوا بندھوتوا ویدیکے کے ارکان نے شرکت کی۔

0/Post a Comment/Comments