حج 2027: عازمین کے طبی معائنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر تک بڑھا دی گئی
طبی فٹنس سرٹیفکیٹ اور ادائیگی کی رسید جمع کرانے کی مہلت یکم اکتوبر تک
ممبئی، 15 ستمبر (حقیقت ٹائمز)
حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027 کے لیے عازمین کے ابتدائی طبی معائنے اور متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کردی ہے۔ یکم ستمبر کو جاری سرکلر کے مطابق 15 ستمبر 2026 مقرر کی گئی آخری تاریخ اب بڑھا کر 30 ستمبر 2026 کردی گئی ہے۔حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری تازہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ حج 2027 کے لیے عارضی طور پر منتخب تمام عازمین جنہوں نے ابھی تک پہلے مرحلے کا لازمی طبی معائنہ مکمل نہیں کیا ہے، وہ توسیع شدہ مدت کے اندر کسی سرکاری طبی مرکز میں سرکاری ایلوپیتھک میڈیکل افسر سے اپنا طبی معائنہ کروائیں اور مقررہ تشخیصی ٹیسٹ مکمل کرکے طبی فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔کمیٹی کے مطابق بیرونِ ملک مقیم ہندوستانی عازمین اپنے موجودہ ملکِ قیام میں ترجیحاً کسی سرکاری طبی مرکز سے طبی معائنہ کراسکتے ہیں۔طبی معائنے کے بعد عازمین کو طبی معائنہ و فٹنس سرٹیفکیٹ اور ادائیگی کی رسید متعلقہ ریاستی یا مرکزی زیرِ انتظام خطے کی حج کمیٹی میں جمع کرانی ہوگی یا حج کمیٹی آف انڈیا کے آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ ان دستاویزات کو جمع یا اپ لوڈ کرنے کی آخری تاریخ یکم اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
حج کمیٹی نے عازمین کو ہدایت دی ہے کہ اصل طبی فٹنس سرٹیفکیٹ اور تمام طبی و تشخیصی رپورٹس محفوظ رکھیں، کیونکہ دوسرے مرحلے کے طبی معائنے اور ویکسینیشن کے وقت یہ دستاویزات طبی ٹیم کے سامنے پیش کرنا ضروری ہوں گی۔سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ طبی معیار کے مطابق طبی طور پر غیر موزوں پائے جانے والے عازم کی امیدواری منسوخ کردی جائے گی اور جمع شدہ رقم قابلِ اطلاق ضوابط کے تحت واپس کردی جائے گی۔ تاہم صحت یا طبی حالت سے متعلق معلومات چھپانے یا غلط معلومات فراہم کرنے والے عازمین کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے، جس میں جمع شدہ رقم ضبط کرنے اور قانونی کارروائی شامل ہے۔حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام ریاستی اور مرکزی زیرِ انتظام خطوں کی حج کمیٹیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ تال میل کرکے طبی معائنے کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کرائیں، سرکاری طبی مراکز کے ساتھ رابطہ رکھیں، معائنے کا مناسب ریکارڈ محفوظ کریں اور طبی طور پر غیر موزوں قرار دیے جانے والے عازمین کے معاملات سے حج کمیٹی آف انڈیا کو بروقت آگاہ کریں۔سرکلر حج کمیٹی آف انڈیا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر شانواس سی، آئی اے ایس کی جانب سے 15 ستمبر 2026 کو جاری کیا گیا ہے۔
Post a Comment