ارسیکیرے کے عوام کے لیے پینے کے پانی کی امید روشن، یتنا ہولے کا کام آخری مرحلے میں
سو دن میں ٹمکورو تک پانی لانے کا ہدف، وزیر شیو لنگے گوڈا کا موقع پر جائزہ
ہاسن، 18 ستمبر (حقیقت ٹائمز)
ہاسن ضلع کے ارسی کیرے تعلقہ کے عوام کے لیے یتنا ہولے منصوبے سے پینے کے پانی کی فراہمی کی امید ایک بار پھر مضبوط ہوئی ہے۔ آبکاری و ہاسن ضلع کے نگران وزیر اور ارسیکیرے کے رکن اسمبلی کے۔ ایم۔ شیو لنگے گوڈا نے کہا ہے کہ حکومت کا ہدف آئندہ 100 دن میں ٹمکورو تک یتنا ہولے کا پانی پہنچانا ہے، جس کے بعد ارسیکیرے تعلقہ کے عوام کو بھی جلد دریائی پانی دستیاب ہونے کی امید ہے۔شیو لنگے گوڈا نے ہاسن ضلع کے ارسیکیرے تعلقہ کے تَلَلُتّورے میں جاری یتنا ہولے منصوبے کے ثقلی نہر پیکیج 8 کے کام کا موقع پر معائنہ کرکے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ منصوبے کے کام میں کسی بھی صورت مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرکے پانی کی روانی کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ یتنا ہولے کا پانی دستیاب ہونے سے علاقے کے عوام کو پینے کے پانی کی سہولت حاصل ہوگی، مقامی تالابوں اور جھیلوں میں پانی کی سطح بہتر ہوگی اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ اس کے نتیجے میں بورویلز میں پانی کی دستیابی بہتر ہونے سے زرعی اور گھریلو ضروریات کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔وزیر نے افسران کو تاکید کی کہ باقی ماندہ کاموں کی تکمیل میں باہمی تال میل کے ساتھ پیش رفت کی جائے اور مقررہ مدت کے اندر منصوبے کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام طویل عرصے سے یتنا ہولے کے پانی کے منتظر ہیں، اس لیے کام کی رفتار میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔

بعد ازاں کے۔ ایم۔ شیو لنگے گوڈا نے تَلَلُتّورے گاؤں کے شری رنگ ناتھ سوامی مندر میں حاضری دی اور پوجا کی۔ اس موقع پر انہوں نے تَلَلُتّورے اور اطراف کے دیہات کے عوام کی جانب سے پیش کردہ تہنیت بھی قبول کی۔اس موقع پر وزیر آبی وسائل این۔ چلوورایاسوامی، ڈپٹی کمشنر گیتا کماری، سابق رکن قانون ساز کونسل گوپال کرشن اور مقامی قائدین سمیت دیگر افراد موجود تھے۔
Post a Comment