Davanagere: Groups Seek Fair Probe into Student Ranjitha’s Death رنجیتہ کی موت کی سائنسی تحقیقات کا مطالبہ

پی یو سی سالِ دوم کی طالبہ رنجیتہ کی مشتبہ موت کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ

مختلف تنظیموں کے وفد کی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات، سائنسی شواہد کی بنیاد پر حقائق سامنے لانے پر زور

داونگیرے، 11 ستمبر (الطاف رضوی)

کرناٹک سرکاری اسکول بچاؤ جدوجہد کمیٹی اور دیگر مختلف تنظیموں کے ذمہ داران نے ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ایچ ٹی شیکھر سے ملاقات کرکے ایک عرضداشت پیش کی، جس میں پی یو سی سالِ دوم کی 17 سالہ طالبہ رنجیتہ کی مشتبہ موت کی غیر جانب دارانہ اور سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔عرضداشت میں بتایا گیا کہ رنجیتہ شہر کے ٹیم اکیڈمی کالج کے ہاسٹل میں رہ کر پی یو سی سالِ دوم کی تعلیم حاصل کررہی تھی۔ اس کی مشتبہ موت کے حالات کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے واقعے سے متعلق تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لینے اور حقائق کو سامنے لانے کی اپیل کی گئی۔وفد نے پولیس سپرنٹنڈنٹ سے مطالبہ کیا کہ تحقیقات کسی دباؤ یا تعصب کے بغیر شفاف انداز میں کی جائیں اور سائنسی شواہد کی بنیاد پر معاملے کی حقیقت معلوم کی جائے۔اس موقع پر کرناٹک سرکاری اسکول بچاؤ جدوجہد کمیٹی، کرناٹک دلت سنگھرش سمیتی اور ترقی پسند تنظیموں کے رہنماؤں کے ایچ ملیشپا، عادل خان، کنڈواڈ منجوناتھ، شکنتلا ماچنہلی، لنگاراجو ایم کے علاوہ داونگیرے میں وکالت کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کرن کمار، ارون کمار پاپنّا، جیون انبیرو، وینکٹیش، سریش شڈلپا سمیت دیگر موجود تھے۔

0/Post a Comment/Comments