Two Milli Council Members Honoured with President’s Medal سید اقبال اور محمد رافع راشٹرپتی میڈل سے سرفراز

سید اقبال اور محمد رافع کو راشٹرپتی میڈل ملنے پر ملّی کونسل کا اظہارِ مسرت

شیخ نظام الدین نے اعزاز کو ملک و انسانیت کے لیے خدمات کا اعتراف قرار دیا

نئی دہلی، 20 اگست (حقیقت ٹائمز)

آل انڈیا ملّی کونسل کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری شیخ نظام الدین نے کونسل کے جھارکھنڈ یونٹ سے وابستہ دو معزز ارکان، سید اقبال اور محمد رافع کو یومِ آزادی کے موقع پر راشٹرپتی میڈل سے نوازے جانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سید اقبال اور محمد رافع نے ملک اور انسانیت کی حفاظت کے لیے جو قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں، راشٹرپتی میڈل ان کی بہادرانہ اور قابلِ ستائش خدمات کا اعتراف ہے۔ دونوں ارکان کو یہ اعزاز ملنے سے آل انڈیا ملّی کونسل کے عہدے داروں اور ارکان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔شیخ نظام الدین نے کہا کہ اس اعزاز سے نہ صرف کونسل کے ارکان کو خوشی حاصل ہوئی ہے بلکہ ملک و ملت کی خدمت کے جذبے کو بھی مزید تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے مختلف ادوار میں ملک کی تعمیر، سلامتی اور خدمت کے لیے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے۔ ان خدمات کو نظر انداز کرنے یا دبانے کی کوششوں کے باوجود ان کی روشن مثالیں تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سید اقبال اور محمد رافع کو حاصل ہونے والا راشٹرپتی میڈل بھی ملک کے لیے انجام دی جانے والی قابلِ قدر مسلم خدمات کے اعتراف کی ایک اہم مثال ہے۔شیخ نظام الدین نے آل انڈیا ملّی کونسل کے سکریٹریٹ کی جانب سے دونوں اعزاز یافتہ ارکان کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، سلامتی اور مزید حوصلے کے ساتھ ملک و ملت اور انسانیت کی خدمت جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

0/Post a Comment/Comments