Tumakuru Youth Killed in Knife Attack After Minor Dispute ٹمکورو میں معمولی جھگڑے کے بعد نوجوان کا قتل

معمولی تنازع خونی واردات میں بدل گیا، 21 سالہ نوجوان کا چاقو سے قتل

تلک پارک پولیس نے مبینہ ملزم رَبّان کو گرفتار کرلیا، مزید تحقیقات جاری

ٹمکورو 12 اگست (حقیقت ٹائمز)

ٹمکورو شہر میں معمولی تنازع کے بعد ایک نوجوان کو قتل کردیا گیا۔ تلک پارک پولیس تھانے کی حدود میں منگل کی شب ایک نوجوان کو چاقو سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا۔مقتول کی شناخت 21 سالہ سید سہیل کے طور پر ہوئی ہے، جو جے پور مین روڈ، پی ایچ کالونی کے چھٹے کراس کا رہنے والا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واردات میں مبینہ طور پر 23 سالہ محمد رَبّان ملوث ہے، جو دِبّور کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سید سہیل رات تقریباً 11:30 بجے اپنے دوستوں کے ساتھ ہیگّڈے کالونی بی بلاک روڈ پر کھڑا بات چیت کررہا تھا۔ اسی دوران رَبّان کے ساتھ کسی معمولی بات پر جھگڑا ہوگیا۔ بحث بڑھنے پر مبینہ طور پر رَبّان نے چاقو سے سید سہیل پر حملہ کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔چاقو کے وار سے شدید زخمی ہونے کے بعد سید سہیل سڑک پر گر پڑا۔ اس کے دوست فوری طور پر اسے ٹمکورو ضلعی اسپتال لے گئے، تاہم شدید خون بہہ جانے کے باعث علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تلک پارک پولیس سرکل انسپکٹر نداف، سب انسپکٹر یوگیش اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور تحقیقات شروع کردیں۔ سینئر پولیس افسران نے بھی جائے واردات کا معائنہ کیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے فرار مبینہ ملزم رَبّان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کی جانب سے قتل کی اصل وجہ اور واقعہ کے دیگر پہلوؤں کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

0/Post a Comment/Comments