Seasonal H1N1 Rise in Karnataka, Public Urged to Stay Cautious موسمی ایچ ون این ون میں اضافہ، کرناٹک میں 4,212 معاملات کی تصدیق

کرناٹک میں ایچ ون این ون کے 4,212 معاملات، محکمہ صحت نے خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل کی

جولائی تا ستمبر موسمی اضافہ، سرکاری اسپتالوں میں ادویات اور حفاظتی سامان وافر

بنگلورو، 24 اگست (حقیقت ٹائمز)

کرناٹک میں موسمی ایچ ون این ون کے معاملات میں حالیہ اضافے کے پیش نظر وزیر صحت و خاندانی بہبود، اقلیتی بہبود،اوقاف و حج یو ٹی قادر نے واضح کیا ہے کہ ریاست میں انفلوئنزا کے معاملات میں اضافہ موسمی بارشوں کے دوران معمول کے مطابق ہونے والا اضافہ ہے اور اسے غیر معمولی وبا قرار دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبرانے کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور علامات ظاہر ہونے پر بروقت طبی امداد حاصل کریں۔ان کے مطابق ریاست میں انفلوئنزا کے معاملات عموماً سال میں دو مرتبہ بڑھتے ہیں۔ پہلا دور جنوری سے مارچ اور دوسرا جولائی سے ستمبر کے درمیان ہوتا ہے۔ مربوط صحت معلوماتی نظام کے اعداد و شمار کے مطابق 22 اگست 2026 تک ریاست کے 32 اضلاع میں ایچ ون این ون کے 4,212 مصدقہ معاملات درج کیے گئے ہیں۔ان کے مطابق یہ تعداد گزشتہ برسوں کے رجحان کے مطابق ہے۔ سال 2025 میں ریاست میں ایچ ون این ون کے 4,583 معاملات اور 2024 میں 3,903 معاملات درج کیے گئے تھے۔

صحت کے وزیر یو ٹی قادر کی زیرِ صدارت منعقدہ جائزہ اجلاس میں ریاست میں ایچ ون این ون کی موجودہ صورتحال، نگرانی کے نظام، علاج کی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ سرکاری طبی مراکز میں ضروری ادویات اور حفاظتی سامان وافر مقدار میں موجود ہے۔انفلوئنزا جیسی بیماریوں اور شدید سانس کے انفیکشن کی نگرانی بھی مزید سخت کردی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے آئی سی ایم آر اور قومی مرکز برائے بیماریوں کے کنٹرول کے نگرانی مراکز کے ساتھ ساتھ وائرس کی تحقیق و تشخیصی تجربہ گاہوں کے نظام کے ذریعے معاملات پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔محکمہ صحت نے بتایا کہ سرکاری طبی مراکز میں اوسیلتامیویر، ذاتی حفاظتی سامان اور این 95 ماسک سمیت ضروری طبی سامان دستیاب رکھا گیا ہے۔ نجی کلینکوں اور اسپتالوں کو بھی ریاستی رہنما اصولوں کے مطابق مریضوں کی جانچ کرنے اور تشخیص شدہ معاملات کو مرکزی صحت نظام پر درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یو ٹی قادر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایچ ون این ون کے معاملات میں اضافے سے خوفزدہ نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کی بروقت تشخیص اور مناسب وقت پر علاج سے پیچیدگیوں کے امکانات کو نمایاں طور پر کم کیا جاسکتا ہے۔محکمہ صحت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھانستے یا چھینکتے وقت منہ اور ناک کو رومال یا کہنی سے ڈھانپیں، صابن اور پانی سے بار بار ہاتھ دھوئیں، مناسب مقدار میں پانی پیتے رہیں اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں گھر پر رہتے ہوئے دوسروں سے فاصلہ برقرار رکھیں۔عوام کو خود سے دوا استعمال کرنے، آنکھوں، ناک یا منہ کو بار بار چھونے، ہاتھ ملانے اور بیماری کی حالت میں بھیڑ والی جگہوں پر جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بغیر دھلے کپڑے کے رومال یا ہاتھ صاف کرنے والے کپڑے کو دوبارہ استعمال نہ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔محکمہ صحت نے کہا ہے کہ اگر علامات مسلسل برقرار رہیں یا شدت اختیار کریں تو مریض قریبی سرکاری طبی مرکز سے طبی معائنہ اور ضروری علاج حاصل کریں۔

0/Post a Comment/Comments