ایس آئی آر میں اہل ووٹروں کے نام حذف نہ ہوں، افسران کو ڈی کے شیوکمار کی ہدایت
ذات اور رہائشی سرٹیفکیٹ کے اجرا میں تیزی، عوامی بیداری بڑھانے پر بھی زور
بنگلورو، 11 اگست (حقیقت ٹائمز)
وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے خصوصی انتخابی نظرِ ثانی ایس آئی آر کے دوران ایک کروڑ سے زائد ووٹروں کے نام حذف کیے جانے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اہل ووٹروں کے ناموں کے تحفظ اور عوام میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درج فہرست ذاتوں، اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے ووٹروں کے نام حذف ہونے سے روکنے کے لیے بوتھ سطح کے افسران کو واضح ہدایات جاری کی جائیں۔سرکاری افسران اور ملازمین کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایس آئی آر کے عمل میں ووٹروں کے ناموں کی درستگی اور تحفظ انتہائی اہم ہے۔ عوام کو اس عمل کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں اور جن ووٹروں کو ضروری دستاویزات پیش کرنے کی ضرورت ہے، انہیں مناسب رہنمائی فراہم کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ ایس آئی آر کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے ذات کے سرٹیفکیٹ اور رہائشی تصدیقی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں، تاہم اب تک تقریباً 50 فیصد سرٹیفکیٹ ہی جاری ہوئے ہیں۔ متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی کہ باقی درخواستوں پر تیزی سے کارروائی کی جائے تاکہ کسی اہل شہری کو انتخابی حقوق سے محروم نہ ہونا پڑے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسمبلی اجلاس اور ایس آئی آر کا موجودہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اگلے ماہ سرکاری افسران کے ساتھ دوبارہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس کے بعد ہر 3 ماہ میں اس طرح کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ آئندہ اجلاس میں مختلف سرکاری اسکیموں کے مستحقین کی تفصیلات پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ڈی کے شیوکمار نے بھارت جوڑو سنگھ کی رجسٹریشن اور رکنیت سازی کا عمل رواں ماہ مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم میں تمام طبقات، بالخصوص نوجوانوں کو شامل کیا جائے اور انسانیت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور زراعت سے متعلق مسائل پر آئندہ اجلاسوں میں خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وی بی گرام جی منصوبے کے تحت مویشیوں کے باڑے سمیت عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچانے والے کاموں کو ترجیح دینے کے بعد عوامی بنیادی سہولتوں سے متعلق منصوبے شروع کیے جائیں۔وزیر اعلیٰ نے رواں سال ہونے والے مقامی اداروں کے انتخابات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو ضروری تیاریاں مکمل رکھنے کی بھی ہدایت دی۔
Post a Comment