Bengaluru Mushaira Highlights Urdu Poetry and New Talent بزم خالد انجم کی ادبی سرگرمیوں کو دوبارہ فعال بنانے کا عزم

بزم خالد انجم بنگلور کا غیر طرحی مشاعرہ

ماہانہ ادبی نشست کے ذریعے اردو شاعری کے فروغ اور نئی نسل کی حوصلہ افزائی کا عزم

بنگلور، 10 اگست (حقیقت ٹائمز)

 اردو زبان و ادب کے فروغ اور اس کی بقا کے لیے ادباء و شعراء ہمیشہ سرگرم عمل رہے ہیں۔ بزم خالد انجم بنگلور کی دوبارہ فعالیت کے لیے ذمہ داران کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ بزم کے زیرِ اہتمام ہر ماہ باقاعدگی سے مشاعرے کا انعقاد اردو ادب کے فروغ کی سمت ایک خوش آئند قدم ہے۔ اس سے شعراء کو اپنی تخلیقات پیش کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ملے گا، جبکہ سامعین کو ادب کے مختلف رنگوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی حاصل ہوگا۔ان خیالات کا اظہار معروف شاعر اسلم بنارسی نے اتوار 9 اگست کی شام منعقدہ بزم خالد انجم بنگلور کے غیر طرحی مشاعرے کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم خالد انجم ایک سینئر اور بے باک صحافی تھے اور اپنی اردو خدمات کے ذریعے متعدد اخبارات سے وابستہ رہے۔ ایسے صحافی اور اردو دوست کی یاد میں قائم بزم کو فعال رکھنا دراصل اردو زبان و ادب کی خدمت اور اس کے فروغ کا ذریعہ ہے۔اسلم بنارسی نے کہا کہ شدید بارش کے باوجود شعراء اور ادب دوستوں کی اچھی تعداد میں شرکت اس بات کی علامت ہے کہ اردو سے محبت آج بھی زندہ ہے۔ انہوں نے بزم کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور اسے مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ناظمِ مشاعرہ سہیل نظامی نے کہا کہ بزم کی جانب سے ہر ماہ کی دوسری اتوار کو مشاعرہ منعقد کیا جائے گا، جس میں باری باری طرحی اور غیر طرحی مشاعروں کا اہتمام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان ادبی نشستوں کا مقصد نوجوان نسل کو شاعری کی طرف راغب کرنا اور نئے شعراء کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی نوجوان شعراء بزم کی محفلوں میں شرکت کرکے اپنا کلام پیش کرنے کے خواہش مند ہیں، اس لیے نو مشق شعراء کی حوصلہ افزائی کے لیے ایسی ادبی بزموں کا فعال رہنا ضروری ہے۔مشاعرے کا آغاز منظور عالم جنیدی کی قرأتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ معروف شاعر سلیم جاوید نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ماہِ ربیع الاول کی آمد کے پیش نظر مشاعرے کے پہلے دور میں شعراء نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس کے بعد غیر طرحی غزل کا دور چلا، جس میں شعراء نے اپنی منتخب تخلیقات پیش کرکے سامعین سے بھرپور داد حاصل کی۔مشاعرے میں اسلم بنارسی، سلیم جاوید، شیخ حبیب، جمیل بنارسی، منظور عالم جنیدی، انور عزیز انور، سہیل نظامی، تاج اشرفی، جمیل احمد ملنسار، شفیق الزماں، قاضی سعید اور سردار وہاب دانش نے اپنا کلام پیش کیا۔مشاعرے کے اختتام پر بزم کے صدر تبریز احمد نے تمام شعراء، مہمانِ خصوصی، صدرِ مشاعرہ اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔بزم کے ذمہ داران کے مطابق آئندہ مشاعرہ طرحی نعتیہ مشاعرہ ہوگا، جبکہ مصرعِ طرح کا اعلان عنقریب کیا جائے گا۔

0/Post a Comment/Comments