جماعتِ اسلامی ہند کی ریاست گیر سیرت مہم، مختلف پروگراموں کا اعلان
سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات عوام تک پہنچانے اور غلط فہمیوں کے ازالے پر زور
چنگری 24 اگست (الطاف رضوی)
جماعتِ اسلامی ہند کرناٹک کی جانب سے پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ کے یومِ ولادت کی مناسبت سے 26 اگست سے 6 ستمبر تک ریاست گیر سیرت مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات، آپ ﷺ کے پیغامِ رحمت، انصاف، انسانی مساوات، اخوت اور اتحادِ انسانیت کو عوام تک پہنچانا اور اسلام سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے۔یہ بات جماعتِ اسلامی ہند کرناٹک کے داونگیرے ضلعی کوآرڈینیٹر اکرم اللہ شریف نے شہر کے صحافی انجمن دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ نے دنیا میں جو عظیم انسانی انقلاب برپا کیا، اس کی بنیاد حق، انصاف، رحمت، انسانی مساوات، انسانی وقار اور اتحادِ انسانیت پر قائم تھی۔ آپ ﷺ نے اخلاق و کردار کی پاکیزگی کے ذریعے افراد کی اصلاح کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے میں مثبت تبدیلی پیدا کی۔
اکرم اللہ شریف نے کہا کہ سیرت مہم کے ذریعے ان عظیم تعلیمات اور پیغامات کو کنڑ زبان میں عوام تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ پیغمبرِ اسلام ﷺ کی سیرت و تعلیمات سے زیادہ سے زیادہ لوگ واقف ہوں، غلط فہمیوں کا ازالہ ہو اور مختلف طبقات کے درمیان باہمی تعلقات، اعتماد اور ہم آہنگی مزید مضبوط ہو۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں ذاتی ملاقاتیں، سیمینار، جلسہ ہائے عام، مکالمے، مباحثے، سیرت النبی ﷺ پر خصوصی تقاریر، سیرتی پروگرام، سماجی خدمت کی سرگرمیاں اور دوستانہ پیغام پر مبنی مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ کسی ایک طبقے تک محدود نہیں بلکہ انسانیت کے لیے رحمت، عدل، محبت، بھائی چارے اور امن کا پیغام پیش کرتی ہے۔ اسی پیغام کو معاشرے کے مختلف طبقات تک پہنچانا اس مہم کا بنیادی مقصد ہے۔پریس کانفرنس میں چنگری جامع مسجد کمیٹی کے صدر محمد فاضل، کیرے بلچی یونٹ کے صدر محبوب علی، جماعتِ اسلامی ہند کمیٹی کے صدر افروز احمد، علی خان سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
Post a Comment