Haj 2027 First Waiting List: 1,168 from Karnataka Selected حج 2027 کی پہلی ویٹنگ لسٹ جاری

حج 2027 کی پہلی ویٹنگ لسٹ جاری، کرناٹک کے 1168 عازمین منتخب

منتخب عازمین 30 اگست تک مقررہ حج رقم جمع کرائیں، ملک بھر میں 6864 نشستیں مختص

ممبئی / بنگلورو 18 اگست (حقیقت ٹائمز)

حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027ء کے لیے پہلی ویٹنگ لسٹ جاری کرتے ہوئے ملک بھر کے 6,864 عازمین کو عارضی طور پر حج کی سعادت کے لیے منتخب قرار دیا ہے۔ ان میں کرناٹک کے ویٹنگ لسٹ نمبر 1 سے 1168 تک کے عازمین شامل ہیں، جس سے ریاست کے مزید 1168 عازمین کے لیے حج سفر کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے 18 اگست کو جاری کردہ سرکلر کے مطابق پہلی ویٹنگ لسٹ میں شامل عازمین کو ان کی ترجیح کے مطابق مختصر حج یا معمول کے حج کے لیے عارضی طور پر منتخب کیا گیا ہے۔حج کمیٹی نے منتخب عازمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ 30 اگست 2026 تک مقررہ رقم جمع کرائیں۔ فی عازم مجموعی طور پر  152,300 روپے جمع کرانے ہوں گے، جس میں 150,000 روپے ایڈوانس حج رقم، 2,000 روپے متفرق واجبات اور ,300 روپے ناقابل واپسی پروسیسنگ فیس شامل ہے۔

یہ رقم حج کمیٹی کی ویب سائٹ یا حج سیوا ایپ کے ذریعے کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ یا نیٹ بینکنگ سے آن لائن جمع کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی مقررہ شاخوں میں حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں مخصوص پے اِن سلپ کے ذریعے بھی رقم جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔حج کمیٹی نے قرعہ اندازی کے ذریعے پہلے ہی منتخب ہونے والے ان عازمین کو بھی یاد دہانی کرائی ہے جنہوں نے ابھی تک مکمل مقررہ رقم جمع نہیں کرائی کہ وہ 30 اگست 2026 تک بقایا رقم ادا کردیں۔سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ آخری تاریخ تک ایڈوانس حج رقم جمع نہ کرانے کی صورت میں عازم کی حج نشست منسوخ کی جاسکتی ہے۔حج کمیٹی نے بتایا کہ ادائیگی کی رسید جمع کرانے، ضروری دستاویزات، پہلے مرحلے کی طبی جانچ اور آئندہ کے طریقۂ کار سے متعلق علیحدہ سرکلر بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ریاست وار پہلی ویٹنگ لسٹ میں شامل عازمین:

کرناٹک: 1 تا 1168 — 1168 عازمین ، کیرالہ: 1 تا 873 ،مدھیہ پردیش: 1 تا 551 ، مہاراشٹر: 1 تا 1958 ،تمل ناڈو: 1 تا 694 ، گجرات: 1 تا 672 ،دہلی: 1 تا 343 ،تلنگانہ: 1 تا 500 ، چھتیس گڑھ: 1 تا 82 اورمنی پور: 1 تا 22 ۔حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام متعلقہ عازمین سے مقررہ تاریخ اور ادائیگی کے ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

0/Post a Comment/Comments