G.N. Mohan Receives National Media Award in Mumbai ممبئی میں آزاد صحافت کے تحفظ پر زور، جی این موہن کو قومی اعزاز

ممبئی میں جی این موہن قومی میڈیا ایوارڈ سے سرفراز

آزاد صحافت کے تحفظ پر زور، "ایک میڈیا" کے تصور پر تشویش کا اظہار

ممبئی، یکم اگست (شبیر احمد)

کنڑ صحافی سنگھ، مہاراشٹر اور کرناٹک ورکنگ جرنلسٹس یونین (کے یو ڈبلیو جے) ممبئی یونٹ کے زیرِ اہتمام یومِ صحافت کے موقع پر ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں معروف سینئر صحافی، ادیب اور میڈیا ماہر جی این موہن کو صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں قومی میڈیا ایوارڈ سے نوازا گیا۔ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے خطاب میں جی این موہن نے کہا کہ جس طرح ملک میں ایک زبان، ایک لباس اور ایک تہذیب کے تصور کو فروغ دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اسی طرح خاموشی کے ساتھ ’’ایک میڈیا‘‘ کے نظریے کو بھی آگے بڑھایا جا رہا ہے، جو جمہوریت اور آزاد صحافت کے لیے تشویشناک رجحان ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کو سماج کا آئینہ اور جمہوری نظام کا محافظ ہونا چاہیے، لیکن جب سے میڈیا ایک صنعت کی شکل اختیار کر چکا ہے، اس کی سماجی ذمہ داریاں پسِ پشت چلی گئی ہیں۔ ان کے مطابق آج میڈیا معلومات کی فراہمی کے بجائے دولت اور اقتدار کے حصول کا ذریعہ بنتا جا رہا ہے، جو صحافت کی بنیادی روح کے منافی ہے۔تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے کرناٹک ورکنگ جرنلسٹس یونین کے ریاستی صدر شیوانند تگڈور نے کہا کہ روزگار کی تلاش میں ممبئی آنے والے کنڑ باشندوں نے شہر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں خدمات انجام دینے والے کنڑ صحافی دیانت دار صحافت کے ذریعے کنڑ زبان، ثقافت اور صحافتی اقدار کو فروغ دے رہے ہیں، جو قابلِ ستائش ہے۔انہوں نے ممبئی میں کنڑ صحافیوں کی مضبوط تنظیم قائم کرنے اور اسے فعال بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے رونس بنتوال، شیو موڈیگیرے، دیانند سالیان (سادیا) اور دیگر عہدیداران و اراکین کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب میں کے یو ڈبلیو جے ممبئی یونٹ کے صدر شیو موڈیگیرے، جنرل سکریٹری رونس بنتوال، اعزازی مشیر آئی آر شیٹی، ڈاکٹر کرن شیٹی، ڈاکٹر جی پی کسم، سدارام شیٹی سمیت متعدد ممتاز شخصیات، صحافیوں اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔ مقررین نے آزاد صحافت، اخلاقی اقدار، کنڑ زبان کے فروغ، صحافیوں کے اتحاد اور سماجی ذمہ داری کی اہمیت پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔یومِ صحافت کے سلسلے میں منعقدہ یہ تقریب کنڑ صحافیوں کے اتحاد، پیشہ ورانہ وابستگی، زبان و ثقافت سے محبت اور صحافت کی اعلیٰ روایات کے تحفظ کے عزم کی مؤثر عکاس ثابت ہوئی۔

0/Post a Comment/Comments