کانگریس پروگراموں میں وندے ماترم کے صرف دو بند ہی گائے جائیں گے: بی کے ہری پرساد
جیل بھیجیں یا پھانسی دیں، پارٹی اپنے فیصلے پر قائم رہے گی
نئی دہلی، 18 اگست (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بی کے ہری پرساد نے واضح کیا ہے کہ کانگریس کے پروگراموں میں وندے ماترم کے صرف دو بند ہی گائے جائیں گے اور پارٹی اپنے اس فیصلے پر قائم رہے گی۔نئی دہلی میں منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بی کے ہری پرساد نے کہا کہ حکومت نے اس سلسلے میں قانون بنایا ہو سکتا ہے، لیکن کانگریس 1896 سے اپنے پروگراموں میں وندے ماترم کے جن دو بندوں کو روایتی طور پر گاتی آئی ہے، اسی روایت کو جاری رکھے گی۔انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ ’’ہمیں جیل میں ڈالیں یا پھانسی دے دیں، ہم وندے ماترم کے صرف دو بند ہی گائیں گے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کو وندے ماترم گیت سے کوئی اعتراض نہیں ہے، تاہم کانگریس کے پروگراموں میں اسے مکمل طور پر گانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
بی کے ہری پرساد نے کہا کہ پارٹی کے پروگراموں میں مکمل وندے ماترم نہیں گایا جائے گا اور یہ کانگریس کا اپنا فیصلہ ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کرناٹک کی کانگریس حکومت بھی اسی موقف پر عمل کرے گی، تو انہوں نے کہا کہ حکومت کانگریس کی قیادت میں ہونے کے باوجود عوام کے ذریعے منتخب کردہ حکومت ہے اور وہ قانون کی پابند ہے۔ اگر حکومت نے قانون بنایا ہے تو حکومت کو اس پر عمل کرنا ہی ہوگا۔وندے ماترم کی مکمل نظم گانے کے معاملے پر حالیہ دنوں میں کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان سیاسی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ اسی پس منظر میں بی کے ہری پرساد کا یہ بیان پارٹی کے موقف کو واضح کرنے والا اہم ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔
Post a Comment