گنیش اتسو کے لیے چنگری میں بڑے پیمانے پر تیاریاں
بجرنگ دل اور وشوا ہندو پریشد کی جانب سے 21 روزہ تقریبات کا منصوبہ
چنگری، 29 اگست (الطاف رضوی)
بجرنگ دل اور وشوا ہندو پریشد کی جانب سے اس سال گنیش چترتھی کے موقع پر 21 روزہ اجتماعی گنیش اتسو منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ پروگرام کا آغاز 13 ستمبر بروز اتوار کی شام پرچم کشائی سے ہوگا، جبکہ 14 ستمبر بروز پیر گنیش مورتی کی تنصیب عمل میں آئے گی۔یہ بات بجرنگ دل اور وشوا ہندو پریشد کے ضلع خزانچی منجوناتھ نے ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ گنیش اتسو کے ذریعے نوجوانوں کی بڑی تعداد کو متحد کرنے، ملک کی ثقافت و ورثے اور حب الوطنی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور ہندو سماج کو مضبوط بنانے کا مقصد ہے۔
منجوناتھ نے کہا کہ گنیش اتسو محض ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ معاشرے کے مختلف طبقات کو متحد کرنے اور نوجوانوں میں سماجی ذمہ داری و حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی گنیش اتسو میں شہر کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات، شہریوں، مختلف تنظیموں کے رہنماؤں اور نوجوانوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 13 ستمبر کی شام پرچم کشائی اور 14 ستمبر کو گنیش مورتی کی تنصیب کے بعد 21 دنوں تک اجتماعی طور پر گنیش اتسو منایا جائے گا۔ پروگرام کو نظم و ضبط اور خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد کرنے کے لیے سماج کے تمام طبقات سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔منجوناتھ نے مزید کہا کہ پروگرام کا حتمی خاکہ شہر کے عمائدین اور سرپرستوں سے مشاورت کے بعد تیار کیا جائے گا۔ ان کی تجاویز اور رہنمائی کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔اخباری کانفرنس میں صدر گوڈروجئپا، سکریٹری تیمیش، بجرنگ دل کے سٹی نائب صدر راکیش، کوآرڈینیٹر ناگیش، سٹی یونٹ کے سکریٹری انکت، چندن اور سرینواس سمیت دیگر موجود تھے۔
Post a Comment