حج 2027: عازمین کے لیے پیشگی رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع
منتخب عازمین اب 17 اگست تک 1,52,300 روپے جمع کراسکیں گے؛ رقم جمع نہ کرانے پر حج کی نشست منسوخ کردی جائے گی
ممبئی، 10 اگست (حقیقت ٹائمز)
حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027 کے لیے منتخب عازمین کو پیشگی حج رقم جمع کرانے کے سلسلے میں اہم اعلان کیا ہے۔ حج کمیٹی نے جاری کردہ سرکلر نمبر 06، مؤرخہ 10 اگست 2026 کے ذریعے پیشگی حج رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 17 اگست 2026 مقرر کیا ہے۔حج کمیٹی کے مطابق تمام ایسے منتخب عازمین جنہوں نے ابھی تک مقررہ پیشگی حج رقم جمع نہیں کرائی ہے، وہ 1,52,300 روپے فی عازم کی رقم لازماً 17 اگست 2026 تک جمع کرادیں۔حج کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ جن منتخب عازمین نے مختصر حج پیکیج کا انتخاب کیا تھا، انہیں بھی مقررہ پیشگی رقم توسیع شدہ آخری تاریخ کے اندر جمع کرانی ہوگی۔

رقم جمع کرانے کے لیے عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ یا حج سیوا ایپ کے ذریعے کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ یا نیٹ بینکنگ کی سہولت استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور یونین بینک آف انڈیا کی مقررہ شاخوں میں مخصوص پے اِن سلپ کے ذریعے بھی رقم جمع کرائی جاسکتی ہے۔حج کمیٹی نے ہدایت دی ہے کہ بینک کے ذریعے رقم جمع کراتے وقت متعلقہ کور نمبر کے لیے حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب بینک حوالہ نمبر کا استعمال کیا جائے اور جمع کرائی جانے والی رقم کی رسید میں بھی مذکورہ منفرد بینک حوالہ نمبر درج کیا جائے۔
حج کمیٹی نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ جو منتخب عازمین 17 اگست 2026 تک مقررہ 1,52,300 روپے جمع نہیں کرائیں گے، ان کی حج نشستیں بغیر مزید اطلاع کے منسوخ کردی جائیں گی۔حج کمیٹی نے بتایا کہ ادائیگی کی رسید، مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے اور آئندہ کارروائی سے متعلق الگ سرکلر بعد میں جاری کیا جائے گا۔حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو افسر شانواس سی، آئی اے ایس کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں ریاستی و مرکزی زیرانتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں سمیت متعلقہ حکام کو بھی ضروری کارروائی کے لیے مطلع کیا گیا ہے۔تمام منتخب عازمین سے اپیل ہے کہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر مقررہ رقم جلد از جلد جمع کرا دیں تاکہ حج کی نشست منسوخ ہونے کا خطرہ نہ رہے۔
Post a Comment