بارش کے موسم میں فلو اور سانس کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاط ضروری
بیدر میں بچوں، بزرگوں اور حاملہ خواتین کو خصوصی احتیاط کی ہدایت
بیدر، 29 اگست (جی چندراکانتھ)
ضلع بیدر میں بارش کا موسم شروع ہونے کے پیش نظر فلو اور شدید تنفسی انفیکشن کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو افسر ڈاکٹر گریش دلیپ بدولے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ فلو کی صورت میں عموماً بخار، کھانسی، گلے میں درد، سر درد، جسم میں درد، تھکن اور نزلہ جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔ چھوٹے بچوں، معمر افراد اور حاملہ خواتین کے علاوہ ذیابیطس، دل، پھیپھڑوں اور گردوں کی دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد میں یہ انفیکشن سنگین صورت اختیار کرسکتا ہے، اس لیے ایسے افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔فلو اور سانس کے انفیکشن سے بچاؤ کے لیے عوام کو بار بار صابن سے ہاتھ دھونے، کھانستے یا چھینکتے وقت ناک اور منہ کو کپڑے سے ڈھانپنے اور بغیر دھلے ہاتھوں سے آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ہجوم والی جگہوں پر ماسک کا استعمال بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ متاثرہ افراد کی ذاتی اشیا استعمال نہ کریں اور جسم کی قوتِ مدافعت برقرار رکھنے کے لیے غذائیت سے بھرپور خوراک کے ساتھ مناسب مقدار میں پانی پئیں۔ڈاکٹر گریش دلیپ بدولے نے کہا کہ اگر کسی شخص کو سانس لینے میں دشواری، سینے میں درد، مسلسل بخار یا شدید کمزوری محسوس ہو تو تاخیر کیے بغیر قریبی ڈاکٹر سے رجوع کرکے مناسب علاج حاصل کیا جائے۔
Post a Comment